Saturday, June 03, 2006

لائِينَکس کہاں ہو ؟

پونے تين سال ہوئے وہ دروازے سے باہر نکلا ۔ وہ عام طور پر سير کرنے جاتا اور اِردگِرد پھر کر واپس آ جاتا ۔ اُس روز وہ گيا کہ واپس نہ آيا ۔ دير ہوئی تو پريشانی بڑھی ۔ گھر کے اِردگِرد سب سے پوچھا مگر کچھ پتہ نہ چلا ۔ ناجانے کون ظالم اُسے اغواء کر کے لے کيا ۔ کُل 3 سال کا تھا ليکن اللہ نے اُسے بہت ذہانت عطا کی تھی ۔ اُس کی حرکات ديکھ کر کوئی بھی سُبحان اللہ کہے بغير نہ رہتا ۔ Table Tennis کی بال سے فُٹبال وہ اتنی اچھی کھيلتا کہ عقل دنگ رہ جاتی ۔ خاص طور سے اُس کا Deep Freezer کے نيچے ايک طرف سے بال کو kick لگا کر تيزی سے دوسری طرف جا کر روکنا اور واپس لا کر پھر Deep Freezer کے نيچے kick لگانا ۔ جب اُسے شرارت سوجھتی تو کوئی ہمارے استعمال کی چيز چھُپا ديتا ۔ ايک دن ميں باہر سے آيا اور آ کر بوٹ جرابيں اُتاريں کچھ دير بعد مجھے پھر باہر جانا پڑ گيا ۔ ميں جرابيں پہننے لگا تو جراب کا ايک پاؤں غائب ۔ ميں نے کہا "ميری ايک جراب کہاں گئی"۔ ميری بيٹی بولی "يہ لائينکس کا کام ہو گا " ميں نے لائينکس کو آواز دی مگر وہ نہ آيا ۔ ميں اپنے سونے کے کمرہ ميں گيا اور دوسرا جوڑا جرابوں کا لے کر واپس آيا تو کيا ديکھا کہ ميری دونوں جرابيں ميرے بوٹوں کے پاس پڑی ہيں ۔ ميری بيگم کہنے لگيں "ابھی لائينکس بہت تيز بھاگتا ہوا آيا تھا اور يہاں skid مار کر تيزی سے واپس بھاگ گيا ہے ۔ يعنی ميری جراب اُس نے چھُپائی ہوئی تھی اور واپس رکھ کر بھاگ گيا ۔ رات کو عام طور پر اپنے بستر پر سوتا ۔اگر سردی زيادہ ہو تو ميرے ساتھ سوتا ۔ شائد اُسے اپنے بستر پر سردی لگتی تھی ۔ سرديوں ميں ہم لاؤنج ميں گيس ہيٹر جلا کر بيٹتے تھے ۔ ايک دن شام ہو گئی اور ہم نے ہيٹر نہ جلايا ۔ میں لاؤنج ميں آيا تو مجھے اشاروں سے سمجھايا کہ ہيٹر جلاؤ ۔ ميرا کہا بہت مانتا تھا ۔ ميں بُلاؤں تو جہاں بھی ہو بھاگ کر آ جاتا ۔ کبھی کبھی ميں اپنے ساتھ کار ميں لے جاتا ۔ کبھی ميں نہ ليجاتا تو وہ ناراض ہو جاتا ۔ جب ميں واپس آتا تو ميرے سامنے آتا مگر منہ دوسری طرف کر کے بيٹھ جاتا يعنی کہ "ميں ناراض ہوں"۔ پھر اُسے منانا پڑتا ۔ اُسے گھر کے ہر فرد سے پيار تھا مگر ميرے ساتھ بہت پيار تھا ۔ ايک دن ميں بعد دوپہر کہيں گيا اور رات گئے واپس لوٹا ۔ گھر پہنچنے پر بيگم نے بتايا کہ " لائينکس نے کھانا نہيں کھايا اور سہ پہر سے آپ کی انتظار ميں کھڑکی کے سامنے بيٹھا تھا ۔ میں نے ديکھا تو لائينکس کھانے کی ميز کے ساتھ ميری کُرسی پر بيٹھا ميری طرف ديکھ رہا ہے يعنی کہ " آؤ کھانا کھاؤ"۔ ايک دفعہ ميں بيمار ہو گيا اور کمبل اوڑھے ليٹا تھا ۔ نمعلوم وہ کب آ کر ميرے پلنگ کے قريب قالين پر بيٹھ کر متواتر ميری طرف ديکھے جا رہا تھا ۔ ميں نے اُس کی طرف غور سے ديکھا تو اُس کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے ۔ ميں نے اُسے اُٹھا کر پيار کيا تو اُس کی آنکھيں متحرک ہوئيں اور چمکنے لگيں ۔ يہ خوشی کا اِظہار تھا ۔ جب لائينکس مياؤں مياؤں کر رہا ہوتا اور ميں اُسے کہتا "چُپ کر جاؤ " يا ميں اپنے ہونٹوں پر اُنگلی رکھتا تو وہ فوراً خاموش ہو جاتا ۔ جب ميرا بيٹا دفتر سے آتا تو لائينکس سيڑھيوں کے نيچے چھُپ جاتا ۔ جب بيٹا اُوپر اپنے کمرہ ميں جانے کيلئے سيڑھياں چڑھتا تو لائينکس اس کی ٹانگ پکڑ ليتا ۔ يہ لائينکس کاروزانہ کا معمول تھا ۔ لائينکس عام بِلّيوں سے تو بہت مُختلف تھا ہی اپنی نسل ميں بھی مُنفرد تھا ۔ وہ سيامِيز نَسَل سے تھا اور اُس کے آباؤ اجداد صديوں سے تہذِيب يافتہ گھرانوں ميں پَلتے آ رہے تھے ۔ ميں نے اُس کی تربيّت پر بہت سمجھداری سے محنت کی مگر سب سے بڑھ کر حقيقت يہ ہے کہ اُسے اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے بہت سمجھ دے رکھی تھی اُس کے ڈاکٹر صاحب کہتے "ميں نے بہت سياميز بِلّياں ديکھی ہيں مگر ايسی سمجھدار اور سُلجھی ہوئی بِلّی آج تک نہيں ديکھی"۔ اُس کے اغواء ہونے پر ڈاکٹر صاحب بھی کئی دن تک اُس کی تلاش ميں سرگرداں رہے ۔

Free Image Hosting at ImageShack.us

لائِينَکس تم کہاں ہو ؟ ميں تمہيں بہت ياد کرتا ہوں ۔
*
بلاگسپاٹ نہ کھول سکنے والے قارئين يہ بلاگ مندرجہ ذیل یو آر ایل پر کلِک کر کے يا اِسے اپنے براؤزر ميں لکھ کر کھوليں
میرا دوسرا بلاگ مندرجہ ذیل یو آر ایل پر کلِک کر کے يا اِسے اپنے براؤزر ميں لکھ کر پڑھيئے ۔
Hypocrisy Thy Name - - http://hypocrisythyname.blogspot.com - - یہ منافقت نہیں ہے کیا
بلاگسپاٹ نہ کھول سکنے والے قارئين دوسرا بلاگ مندرجہ ذیل یو آر ایل پر کلِک کر کے يا اِسے اپنے براؤزر ميں لکھ کر کھوليں

5 Comments:

At 6/04/2006 08:31:00 PM, Anonymous Anonymous said...

کیا یہ آپکی کہانی ہے؟

 
At 6/05/2006 03:43:00 AM, Anonymous Anonymous said...

Hmaray backyard main aam toor per 5,6 bilian hamaisha rahti hain,kabhi is say kam hojati hain or kabhi ziada,hamaray miaan humain isi hawalay say" ume huraira" kahtay hain:)
Main jald hi aap ko mail keron gi insha Allah,Bhabhi sahiba ko salaam kahiay ga or meri taraf say bohat pooch lijiay ga,
Youn to aap hamaray Walid marhoom ki umer kay hain laikin islami rishtay say hamaray bhai hotay hain is liay aap ki baygum hamari Bhabhi hoin:)

 
At 6/05/2006 07:19:00 AM, Blogger افتخار اجمل بھوپال said...

شعيب صاحب
ميری کہانی ہی سمجھ ليجئے ۔ لائينکس ہماری پالتو بلّی کا نام ہے جسے کوئی اُٹھا کر لے گيا ۔ سياميز سب سے زيادہ سمجھدار نسل ہے جو کہ خالص حالت ميں بہت ہی کم رہ گئی ہے - لائينکس کے آباؤ اجداد ہمارے ايک دوست کے ہاں نَسَل دَر نَسَل پَلتے چلے آ رہے ہيں ۔ يہ بلّيوں کی بہت تہذيب يافتہ نَسَل ہے اور انسانوں کی بہت نقل کرتی ہے ۔ يہانتک کہ لائينکس سوتا بھی تھا ہماری طرح اپنے بستر پرتکئے پر سر رکھ کر ۔ ايک بلُونگڑا چودہ پندرہ ہزار روپيہ ميں بکتا ہے مگر وہ لوگ اس نَسَل کے شيدائی ہيں صرف تُحفہ کے طور پر بھی اُن لوگوں کو ديتے ہيں جن کے متعلق يقين ہو کہ اُسکی صحيح پرورش کريں گے ۔ لائينکس کی عمر دو ہفتے تھی جب ہميں تحفہ ملا اور تقريباً ساڑھے تين سال کا تھا جب اغواء ہوا ۔ میں نے تو بہت مختصر لکھا ہے ۔ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے لائينکس کو بہت ضہانت عطا کی تھی جو صرف اُسے ديکھنے والے مانتے ہيں ۔

مہر افشاں صاحبہ
جو کچھ اُوپر لکھا ہے اُس کے علاوہ عرض ہے کہ ہم نے آپ کے بہن ہونے پر کوئی اعتراض نہيں کيا ۔ البتہ يہ ہو سکتا ہے کہ ميں آپ کے محترم والد سے بہت چھوٹا ہوں ۔ آپ کی چِٹھی کی انتظار رہے گی

 
At 6/07/2006 05:42:00 AM, Anonymous Anonymous said...

سیامی بلیاں پر تو ویسے ہی نظر ہوتی ہے لوگوں کی، ویسے مجھے صرف سیامی بلیوں کی آنکھیں اچھی لگتی ہیں، میری خالہ کے گھر بہت ساری سیامی بلیاں ہیں، ایک دفعہ میں انکے گھر سوئی ہوئی تھی، ہلکی سی آہٹ پر آنکھ کھولی تو محترمہ میرے سر پر، پھر ساری رات تکیہ لیکر میں آگے آگے اور محترمہ میرے پیچھے پیچھے !

 
At 6/07/2006 02:46:00 PM, Blogger افتخار اجمل بھوپال said...

اسماء صاحبہ
اسے پتہ چل گيا ہو گا کہ آپ محبت کرنے والا دل رکھتی ہيں ۔

 

Post a Comment

<< Home