سُبْحَانَكَ لاَ عِلْمَ لَنَا إِلاَّ مَا عَلَّمْتَنَا إِنَّكَ أَنتَ الْعَلِيمُ الْحَكِيمُ ۔ صدق اللہ العظیم ۔
[ترجمہ : تیری ذات (ہر نقص سے) پاک ہے ہمیں کچھ علم نہیں مگر اسی قدر جو تو نے ہمیں سکھایا ہے، بیشک تو ہی (سب کچھ) جاننے والا حکمت والا ہے]
یہ بدقسمتی نہیں تو اور کیا ہے کہ ہمارے ملک میں گھناؤنا جُرم ہوتا ہے تو کبھی کبھار اخبارات تک پہنچتا ہے اور اِس پر بھی کچھ دِن غُل غپاڑہ ہوتا ہے پھر معاملہ پسِ منظر چلا جاتا ہے ۔ میر والا ملتان کی مختاراں مائی ۔ سُوئی بلوچِستان کی ڈاکٹر شازیہ ۔ فیصل آباد کی سونیہ ناز اور چک شہزاد اسلام باد کی نازش ۔ [آخری دو کی عزّت قانون کے محافظوں نے اغواء کر کے لوٹی] ۔ ان کے متعلق اخبارات نے عوام کو مطلع کیا ۔ کچھ روز کے لئے فضا میں ارتعاش پیدہ ہوا پھر حسبِ معمول خاموشی جیسے ایک مووی فلم تھی جو ختم ہوئی اور تماشائی گھروں کو چلے گئے ۔ مختاراں مائی تو کبھی کبھار تصویروں میں نظر آ جاتی ہے مگر اُس کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کو کیا سزا ملی عوام نہیں جانتے ۔
این جی اوز بھی کچھ دن شور مچاتی ہیں پھر سو جاتی ہیں اور اُن کا بھی زیادہ زور حدود آرڈیننس کو ختم کرنے پر ہوتا ہے جیسے حدود آرڈیننس میں لکھا ہو کے عورتوں کے ساتھ زیادتی کرو ۔ حدود آرڈیننس کو ختم کیا گیا تو بدکاری کو روکنا ناممکن ہو گا کیوں کہ کِسی اور مروّجہ قانون میں بدکاری کو باقاعدہ جُرم قرار نہیں دیا گیا ۔البتہ حدود آرڈیننس میں زبردستی بدکاری کرنے کے سلسلہ میں گواہوں کی شرط پر نظرِ ثانی اور مناسب ترمیم کی ضرورت ہے ۔ اس کے علاوہ تفتیش کا نظام اور پولیس کی کارکردگی میں خامیوں کو دور کر کے فعال بنانا اشد ضروری ہے ۔
ہمارے طرزِ عمل ۔ قرآن و سنّت کی وعید اور جرائم کی سزاؤں کے متعلق میں پچھلے ایک سال میں لکھتا رہا ہوں ۔ لکھنے سے پہلے میں وسیع مطالعہ اور اسلامی قانون کے ماہرین سے اِستفادہ حاصل کرتا رہا تھا پھر بھی میں نے اپنی تمام تحاریر کو یک جا کر کے پرنٹ کیا اور جس مسجد میں میں نماز پڑھتا ہوں اُس کے خطیب صاحب کو نظرِ ثانی کے لئے دیا ۔ وہ صاحبِ علمِ دین ہیں ۔ الحمد للہ اُنہوں نے تمام مضمون سے اتفاق کیا مگر کہا کہ مندرجہ ذیل فقرہ سے قاری کے ذہن ميں شک پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔ اسلئے اسے حذف کر دیا جائے یا وجہ جواز لکھی جائے ۔ "
مگر مجھے قرآن شریف ۔ حدیث حتٰی کہ کتابُ الفِقَہ میں بھی نہیں ملا کہ زنا بالجبر کے لئے چار گواہوں کی شرط ہے ۔ جو بات میری سمجھ میں آئی ہے اُس کے مطابق یہ شرط زنا بالرضا کے لئے ہے ۔ زیادہ علم رکھنے والے اِس سِلسلہ میں میری راہنمائی کر سکتے ہیں"۔ چنانچہ جس بنیاد پر میں نے یہ فقرہ لکھا تھا اُس میں سے موٹی موٹی وجوہ نیچے درج کر رہا ہوں ۔
قرآن الحکیم
ابتدائی حُکم ۔ سورة النّسآء آیت 15 اور 16 ۔" تُمہاری عورتوں میں سے جو بَدکاری کی مُرتکِب ہوں اُن پر اپنے میں سے چار آدمیوں کی گواہی لو اور اگر چار آدمی گواہی دے دیں تو اُنہیں گھروں میں بند رکھو یہاں تک کہ اُنہیں موت آ جائے یا اللہ اُن کیلئے کوئی راستہ نکال دے ۔ اور تم میں سے جو اِس فعل کا ارتکاب کریں اُن دونوں کو تکلیف دو ۔ پھر اگر وہ توبہ کر یں اور اپنی اِصلاح کر لیں تو انہیں چھوڑ دو کہ اللہ بہت توبہ قبول کرنے والا اور رحم فرمانے والا ہے "۔
سورة النّسآء آیت 25 ۔ "اور جو شخص تم میں سے اتنی مقدرت نہ رکھتا ہو کہ خاندانی مسلمان عورتوں سے نکاح کر سکے اسے چاہیئے کہ تمہاری اُن غلام عورتوں میں سے کسی کے ساتھ نکاح کر لے جو تمہارے قبضہ میں ہوں اور مومنہ ہوں - - - - پھر وہ جب حصارِ نکاح میں محفوظ ہو جائیں اور اس کے بعد کسی بد چلنی کی مرتکب ہوں تو اُن پر اُس سزا کی بہ نسبت آدھی سزا ہے جو خاندانی عورتوں کے لئے مقرر ہے - - - - "
سورة النُّور آیت 2 ۔ " زانیہ عورت اور زانی مرد دونوں میں سے ہر ایک کو سو کوڑے مارو اور ان پر ترس کھانے کا جذبہ اللہ کے دین کے معاملہ میں تمہیں دامنگیر نہ ہو اگر تم اللہ اور روزِ آخر پر ایمان رکھتے ہو ۔ اور ان کو سزا دیتے وقت اہلِ ایمان کا ایک گروہ موجود رہے" ۔
سورة النُّور آیات 5 تا 9 ۔ "اور جو لوگ پاکدامن عورتوں پر تہمت لگائیں پھر چار گواہ لے کر نہ آئیں اُن کو اَسی کوڑے مارو اور اُن کی شہادت کبھی قبول نہ کرو اور وہ خود ہی فاسق ہیں سوائے اُن لوگوں کے جو اس حرکت کے بعد تائب ہو جائیں اور اِصلاح کر لیں کہ اللہ ضرور غفور و رحیم ہے ۔ اور جو لوگ اپنی بیویوں پر الزام لگائیں اور ان کے پاس خود ان کے سوا دوسرے کوئی گواہ نہ ہوں تو اُن میں سے ایک شخص کی شہادت [یہ ہے کہ وہ] چار مرتبہ اللہ کی قسم کھا کر گواہی دے کہ وہ [اپنے اِلزام میں] سچّا ہے اور پانچویں بار کہے کہ اُس پر اللہ کی لعنت ہو اگر وہ جھوٹا ہو ۔ اور عورت سے سزا اسطرح ٹل سکتی ہے کہ وہ چار مرتبہ اللہ کی قسم کھا کر شہادت دے کہ یہ شخص [اپنے اِلزام میں] جھوٹا ہے اور پانچویں مرتبہ کہے کہ اس بندی پر اللہ کا غضب ٹوٹے اگر وہ [اپنے اِلزام میں] سچّا ہو "۔
سورة النُّور آیت 33 ۔ "اور اپنی لونڈیوں کو اپنے دُنیوی فائدوں کی خاطر قحبہ گری [
prostitution] پر مجبور نہ کرو جبکہ وہ خود پاکدامن رہنا چاہتی ہوں اور جو کوئی اُن کو مجبور کرے تو اِس جَبَر کے بعد اللہ اُن کے لئے غفور و رحیم ہے" ۔
احادیث
ترمذی اور ابو داؤد کی روائت ہے کہ ایک عورت اندھیرے میں نماز کیلئے نکلی ۔ راستہ میں ایک شخص نے اسکو گرا لیااور زبردستی اس کی عصمت دری کی ۔ اس کے شور مچانے پر لوگ آ گئے اور زانی پکڑا گیا ۔ رسول اللہ صلّی اللہ علیہ و سلّم نے مرد کو رجم کرایا اور عورت کو چھوڑ دیا ۔
صحیح بُخاری میں ہے " خلیفہ [حضرت عمر رَضِی اللہ عَنْہُ] کے ایک غلام نے ایک لونڈی سے زبردستی بدکاری کی تو خلیفہ نے غلام کو کوڑے مارے لیکن لونڈی پر حَد نہ لگائی ۔
تمام کُتب حدیث میں موجود ہے کہ ایک لڑکا ایک شخص کے ہاں اُجرت پر کام کرتا تھا اور اُس کی بیوی کے ساتھ بدکاری کا مُرتکِب ہو گیا ۔ لڑکے کے باپ نے سو بکریاں اور ایک لونڈی دیکر اُس شخص کو راضی کر لیا ۔ مگر جب یہ مقدمہ رسول اللہ صلّی اللہ علیہ و سلّم کے پاس آیا تو آپ نے فرمایا " تیری بکریاں اور تیری لونڈی تجھی کو واپس" اور پھر آپ نے زانی اور زانیہ دونوں پر حد جاری فرما دی ۔
نتیجہ
جیسا مندرجہ بالا آیات اور احادیث سے واضح ہے اور تقریباً تمام فُقہاء اس بات پر متفق ہیں کہ بدکاری کے ثبوت کے لئے چار گواہ ضرورری ہیں ۔ لیکن اس میں زبردستی سے کی گئی بدکاری شامل نہیں کیونکہ کسی کے ساتھ زیادتی بھی ہو اور وہ سزا بھی پائے یہ منطق اور فطرت کے خلاف ہے اور اِسلام دینِ فطرت ہے اور منطق کی تعلیم دیتا ہے۔ اللہ سُبحَانُہُ وَ تَعَالٰی نے جس فطرت پر انسان کو پیدا کیا ہے حدود و قیود بھی اُسی کے مطابق بنائی ہیں ۔
عورت کو اغواء کیا گیا ہو یا وہ پولیس کی قید میں ہو تو اُسکی حالت ایسی غلامی کی ہوتی ہے جہاں وہ بالکل بے بس ہوتی ہے ۔ ایسی صورت میں زنا عموماً بالجَبَر ہوتا ہے اس میں عورت پر چار گواہوں کی شرط عائد نہیں ہوسکتی اور وہ اس جُرم [گناہ] سے برّی ہوتی ہے اور چونکہ اُس کے پاس گواہ ہونا بعید از قیاس ہے اسلئے اگر وہ قرآن شریف میں درج قسمیں اُٹھا کر کہہ دے کہ اس مرد نے میرے ساتھ زبردستی بدکاری کی ہے تو وہ مرد زانی کے سزا کا مُستحق ہو جا تا ہے ۔ دیگر اگرکسی کیس میں مرد مانے کہ اُس نے بدکاری کی ہے مگر عورت کی مرضی سے لیکن عورت انکاری ہو اور قرآن شریف میں درج قسمیں اُٹھا لے تو اس صورت میں بھی مرد زانی کے سزا کا مُستحق ہو جا تا ہے ۔
تقریباً تمام فُقہاء متفق ہیں کہ حَد قائم کرنا اور سزا کا اِطلاق قرآن شریف اور حدیث کے مطابق حکومت کی ذمہ داری ہے عوام میں سے کوئی فرد یا گروہ نہ حد قائم کر سکتا ہے نہ سزا دے سکتا ہے ۔ مزید یہ بھی واضح ہے کہ قتل کے معاملہ کے برعکس بدکاری کے معاملہ میں راضی نامہ تاوان دے کر بھی نہیں ہو سکتا ۔ اسلئے کار و کاری ۔ وانی یا سوارا کی رسوم دین اسلام کے احکام کی صریح خلاف ورزی ہے ۔
*
قارئین سے گذارش
اگر میرا بلاگ براہِ راست یا اُوپر عنوان پرکلک کرنے سے نہ کھُلے تو مندرجہ ذیل یو آر ایل پر کلِک کیجئے یا اِسے اپنے براؤزر میں لکھ کر کھولئے
http://www.pkblogs.com/iftikharajmal.blogspot.com/
بلاگ کھُل جائے تو تبصرہ کیلئے تبصرہ کا لنک کاپی کیجئے۔ رائٹ کلک کرکے کاپی لنک لوکیشن منتخب کیجئے پھر اپنے براؤسر کی ایڈریس بار میں پیسٹ کیجئے ۔
5 Comments:
اچھا لکھا ہے ميں آپ سے متفق ہوں، اگر آپ ميرے بلاگ پر موجود اس موضوع پر لکھا پڑھا ہو تو وہ اس سے مختلف نہيں ہے
اجمل صاحب آپکی یہ تحریر ۔۔ قران شریف کی آیاتوں کے وجہ سے کافی معلوماتی ہے ۔۔۔ یہ مسئلہ پاکستان میں کافی پیچیدہ ہے اور کچھ مولوی حضرات نے اور این جی اوز نے پیچیدہ کر دیا ہے
شعیب صفدر صاحب
میرا خیال ہے میں نے آپ کی تحریر پڑھی تھی ۔
جب میں نے اس سلسلہ میں کچھ تحاریر لکھیں تو سوائے تین بلاگرز کے سب نے اتفاق کیا تھا ۔ ان میں سے دو کراچی سے تھے ۔ آپ نہیں ۔ اور ایک امریکہ سے ۔ ہماری قوم کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ علم حاصل کرنے کے شائق بہت ہی کم ہیں ۔ لوگ صرف سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔
شبّیر صاحب
شکریہ ۔ ایک بات ذہن میں رکھنا چا ہیئے کہ دین کی کوئی بات کرنے سے پہلے قرآن شریف کو نہ صرف پڑھنا بلکہ سمجھنا ضروری ہے اور سمجھنے کیلئے احادیث کا سہارا لینا پڑتا ہے ۔
ہمارے ملک میں جو لوگ امام مسجد یا پیر ہیں ان میں باقاعدہ دینی تعلیم یافتہ بمُشکل بیس فی صد ہونگے ۔ اور این جی اوز تو غیر ملکی امداد پر پَلتی ہیں اسلئے وہ اپنے آقاؤں کے پروگرام پر عمل کرتی ہیں ۔ جو این جی اوز صحیح ہیں وہ ان بحثوں میں نہیں پڑتیں ۔ مثلاً سلطانہ فاؤنڈیشن جس نے پاکستان کے دیہات میں سکول اور ہسپتال بنائے ہیں اسکا نام آپ نے سُنا بھی نہ ہو گا
Aap ki Raay bilkul durust hay kay zana bil jabr main gawahi mumkin naheen hoti hay chunanchay meri naqis raay main ager aisa mamla kia jaay jaisa izhar kay mamlay main kia jata hay kay mard or orat Quran e Paak ki qasam kha ker ilzam aaid kerain to usay maan ker muqadma chalna chahiay or ab to DNA testing bhi shro ho gai hay laikin woh bhi usi sorat main faida mand hay jab test kernay walay qawiul eeman hoon warna test badalna kia mushkil hay khas ker baray logon kay liay aap ki kia raay hay,is kay ilawa aap kay blogs bohat malomati hain Allah aap ko jazaay khir ata fermaay
مہر افشاں صاحبہ
میری تحاریر کو عزت بخشنے کا شکریہ ۔ آپ نے بالکل صحیح لکھا ہے ۔ جرائم کی جڑ بد دیانتی ہی ہے ۔
Post a Comment
<< Home