Wednesday, May 31, 2006

القاعدہ

*
میرا دوسرا بلاگ يہاں کلِک کر کے پڑھيئے يا مندرجہ ذیل یو آر ایل اپنے براؤزر ميں لکھ کر کھولئے ۔
Hypocrisy Thy Name - - http://hypocrisythyname.blogspot.com - - یہ منافقت نہیں ہے کیا

Monday, May 29, 2006

راستہ صرف ایک ۔ نہ کہ تين

تخیّل ایک عجیب چیز ہے انسان کو کہاں سے کہاں لے جاتا ہے ۔ پچیس سال پہلے کا واقع ہے ہم اُن دنوں طرابلس [لیبیا] میں تھے ۔ میں ایک ساتھی کو ملنے گیا ۔ اُس نے مجھے بیٹھک میں بٹھایا جہاں ٹی وی پر کسی فلم کا گانا چل رہا تھا ۔ بول تھے ۔ " تین بتّی چار راستہ ۔ تین دیِپ [دِیا] اور چار دوشائیں ۔ اِک رستے پہ مِل مِل جائیں" ۔ تین دیِپ والا منظر خوبصورت تھا ۔ میں اُسے دیکھتے دیکھتے کھَو گیا ۔ کچھ دیر بعد یوں جیسے میرے اندر روشنی کا دھماکہ ہوا اور یکدم میرے اندر ایک نئی زندگی آ گئی ۔ مجھے وہ مل گیا جس کے لئے میرا ذہن کافی عرصہ سے پریشان تھا ۔ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے مجھے وہ فلسفہ سمجھا دیا جو مجھے پہلے سمجھ نہ آیا تھا کہ مسلمان تنزّل کا شکار کیوں ہیں جبکہ غیر مُسلم ترقی کر رہے ہیں ؟ اللہ سُبحانُہُ و تَعالٰی نے ہمیں ایک راستہ دِکھایا [صِراطُ المُستَقِیم] اور ہدائت کی کہ ہمارا کھانا ۔ پینا ۔ اُٹھنا ۔ بیٹھنا ۔ سونا ۔ جاگنا ۔ مِلنا ۔ جُلنا ۔ اِخلاق ۔ لین ۔ دین ۔ کاروبار غرضیکہ ہر عمل دین اِسلام کے مطابق ہونا چاہیئے ۔ ویسے تو ہم ہر نماز کی ہر رکعت میں کہتے ہیں ِاھدِنَا صِرَاطَ المُستَقِیم یعنی دِکھا ہم کو راہ سیدھی جو کہ ایک ہی ہو سکتی ہے لیکن اپنی عملی زندگی میں ہم نے تین راستے بنا رکھے ہیں ۔ 1 ۔ خانگی یا خاندانی معاملات کو ہم ایک طریقہ سے حل کرتے ہیں ۔ 2 ۔ دفتر یا کاروبار کے معاملات کو ہم کسی اور نظریہ سے دیکھتے ہیں ۔ 3 ۔ دین کو ہم نے بالکل الگ کر کے مسجد میں بند کر دیا ہے اور مسجد سے باہر صرف کسی کی موت یا نکاح پر استعمال کرتے ہیں ۔ ہماری حالت اُس شخص کی سی ہے جو ایک مقام سے ایک سِمت چلا ۔ بعد میں اُسے ایک اور کام یاد آیا ۔ چونکہ دوسرے کام کا راستہ مختلف تھا چنانچہ وہ واپس ہوا اور دوسرے کام میں لگ گیا ۔ پھر اُسے تیسرا کام یاد آیا اور اِس کا راستہ پہلے دو کاموں سے مختلف تھا چنانچہ وہ پھر مُڑا اور تیسرے کام کی طرف چل دیا ۔ اِس طرح وہ جس مقام سے چلا تھا اُسی کے گرد مُنڈلاتا رہا اور کسی سمت میں زیادہ پیشقدمی نہ کر سکا ۔ متذکّرہ بالا آدمی کے بر عکس ایک شخص نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنے سارے کام ایک ہی طریقہ سے سرانجام دے گا چنانچہ وہ ایک ہی سِمت میں آگے بڑھتا گیا اور بہت آگے نکل گیا ۔ ملاحظہ ہوں دونوں صورتیں علمِ ہندسہ کی مدد سے ۔
غیرمُسلموں نے دین کو چھوڑ دیا اور اپنے خانگی اور کاروباری معاملات کو صرف نفع اور نقصان کی بُنیاد پر اُستوار کیا اور آگے بڑھتے چلے گئے گو دین کو چھوڑنے کے باعث اخلاقی اِنحطاط کا شکار ہوئے ۔ جب کہ بے عمل مسلمان نہ دین کے رہے نہ دُنیاوی کاموں میں ترقی کر سکے ۔ بقول شاعر ۔
نہ خُدا ہی ملا نہ وصالِ صنم ۔ ۔ ۔ نہ اِدھر کے رہے نہ اُدھر کے رہے ۔
*
میرا دوسرا بلاگ يہاں کلِک کر کے پڑھيئے يا مندرجہ ذیل یو آر ایل اپنے براؤزر ميں لکھ کر کھولئے ۔
Hypocrisy Thy Name - - http://hypocrisythyname.blogspot.com - - یہ منافقت نہیں ہے کیا

Saturday, May 27, 2006

بیوی اور گدھے میں تقابل

ہماری حکومت پچھلے پانچ سال سے اسلام ۔ قرآن اور مُسلمان کا تيا پانچہ کرنے کيلئے تعليمی نصاب ميں غَلَط دَر غَلَط تبديليوں کے لطيفے چھوڑ تی رہتی ہے ۔ اس کے مقابلہ ميں بھارتی محکمہءِ تعليم حِسِ مزاح رکھتا ہے ۔ بھارت کے مغربی صوبہ راجستھان میں جہاں بھارتیا جنتا پارٹی کی حکومت ہے شائد نویں جماعت کے حکومت سے منظور شُدہ کورس کی کتاب میں لکھا ہے "گدھا بھی گرہستن عورت کی طرح ہے ۔ درحقیقت گدھا کچھ بہتر ہے ۔ کیونکہ گرہستن عورت کبھی کبھار شکائت کرتی ہے اور ناراض ہو کر اپنے میکے بھی چلی جاتی ہے لیکن آپ کبھی نہیں دیکھیں گے کہ گدھے نے اپنے مالک کے ساتھ بے وفائی کی ہو"۔
.
کتاب کے اِسی باب میں گدھے کا مقابلہ سیاستدانوں سے بھی کیا گیا ہے اور لکھا ہے " گدھا سیاستدانوں کے مقابلے میں تنقید برداشت کر لیتا ہے"۔ ہميں يہ بات سمجھ نہيں آ سکتی کيونکہ ہمارے مُلک ميں جرنيل اپنے آپ کو عقلِ کُل سمجھتے ہيں اور سياستدانوں کی حثيت کچھ بھی نہيں ۔
*
میرا دوسرا بلاگ يہاں کلِک کر کے پڑھيئے يا مندرجہ ذیل یو آر ایل اپنے براؤزر ميں لکھ کر کھولئے ۔
Hypocrisy Thy Name - - http://hypocrisythyname.blogspot.com - - یہ منافقت نہیں ہے کیا

Monday, May 22, 2006

اللہ کو کيسے مُخاطب کريں ؟

اِس سلسلہ ميں قرآن شريف کی متعلقہ آيات ميں سے کُچھ کا ترجمہ
۔
سُورَة الْأَعْرَاف آيت 180 ۔
اور اللہ ہی کے لئے اچھے اچھے نام ہیں ۔ سو اسے ان ناموں سے پکارا کرو اور ایسے لوگوں کو چھوڑ دو جو اس کے ناموں میں حق سے انحراف کرتے ہیں ۔ عنقریب انہیں ان (اعمالِ بد) کی سزا دی جائے گی جن کا وہ ارتکاب کرتے ہیں
۔
سُورَة الْاِسْرَء / بَنِیْ ِإسْرَآءِيْل ۔ آيت 110 ۔
کہہ دیجئے کہ اﷲ کو پکارو یا رحمان کو پکارو ۔ جس نام سے بھی پکارتے ہو اچھے نام اسی کے ہیں
۔
سُورة ٢٠ طٰہٰ آيت 14١٤ ۔
بیشک میں ہی اللہ ہوں میرے سوا کوئی معبود نہیں سو تم میری عبادت کیا کرو اور میری یاد کی خاطر نماز قائم کیا کرو
۔
سُورَة النَّمْل آيت 9 ۔
اے موسٰی! بیشک وہ میں ہی اللہ ہوں جو نہایت غالب حکمت والا ہے
۔
سُورَة الْقَصَص آيت 30 ۔
جب موسٰی وہاں پہنچے تو وادئ کے دائیں کنارے سے بابرکت مقام میں ایک درخت سے آواز دی گئی کہ اے موسٰی! بیشک میں ہی اللہ ہوں تمام جہانوں کا پروردگار
۔
سُورَة الرَّحْمٰن آيت 78
۔
آپ کے رب کا نام بڑی برکت والا ہے ۔ جو صاحبِ عظمت و جلال اور صاحبِ اِنعام و اِکرام ہے
۔
سُورَة الْحَشْر آيات 22 تا 24 ۔
وہی اللہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں، پوشیدہ اور ظاہر کو جاننے والا ہے ۔ وہی بے حد رحمت فرمانے والا نہایت مہربان ہے ۔ وہی اللہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں ۔ بادشاہ ہے ۔ ہر عیب سے پاک ہے ۔ ہر نقص سے سالم ہے ۔ امن و امان دینے والا ہے ۔ محافظ و نگہبان ہے ۔ غلبہ و عزّت والا ہے ۔ زبردست عظمت والا ہے ۔ سلطنت و کبریائی والا ہے ۔ اللہ ہر اُس چیز سے پاک ہے جسے وہ اُس کا شریک ٹھہراتے ہیں ۔ وہی اللہ ہے جو پیدا فرمانے والا ہے ۔ عدم سے وجود میں لانے والا ہے ۔ صورت عطا فرمانے والا ہے ۔ سب اچھے نام اسی کے ہیں ۔ اس کے لئے وہ (سب) چیزیں تسبیح کرتی ہیں جو آسمانوں اور زمین میں ہیں ۔ اور وہ بڑی عزت والا ہے بڑی حکمت والا ہے
*
اگر ميرے بلاگ براہِ راست نہ کھول سکيں تو مندرجہ ذيل یو آر ایلز پر کلِک کر کے يا انہيں اپنے براؤزر ميں لکھ کر کھولئے ۔
۔ What am I - - http://www.pkblogs.iftikharajmal.blogspot.com ميں کيا ہوں - -
۔ Hypocrisy Thy Name - - http://www.pkblogs.hypocrisythyname.blogspot.com - - یہ منافقت نہیں ہے کیا

Friday, May 19, 2006

پٹرول کی مہنگائی يہ نوبت لائی

Wednesday, May 17, 2006

کانٹا يا کنويں کا کُتا

.
منير احمد طاہر صاحب اظہارِخيال کر چکے ہيں ۔ ٹھيک ہی کہتے ہيں کہ ہمارے ملک ميں ہر چيز ہی اُلٹ ہے ۔
.
يہ ٹھيک ہے کہ مسئلہ بہت گھمبير ہو چکا ہے بلکہ دن بدن گھمبير تر ہوتا جا رہا ہے ۔ شيخ سعدی صاحب نے چھوٹی چھوٹی مگر بڑی فلسفيانہ کہانياں لکھی ہيں ۔ "ايک صبح ايک آدمی حکيم کے پاس جا کر پيٹ درد کی شکائت کرتا ہے ۔ حکيم پوچھتا ہے کہ رات کو کيا کھايا تھا ؟ مريض کہتا ہے کہ جلی ہوئی روٹی ۔ حکيم اپنے نائب سے کہتا ہے آنکھوں کا دارو لاؤ ميں اس کی آنکھوں ميں ڈالوں تا کہ يہ ديکھ کر روٹی کھايا کرے"۔
.
ايک اور چيز ہے کہ درخت کے پتے بيمار ہو جاتے ہيں تو اپنے لوگ پتوں پر ولائتی دوائياں چھڑکنا شروع کر ديتے ہيں يہ کوئی نہيں سوچتا کہ کيڑا درخت کے تنے ميں لگا ہے يا جڑوں کو ديمک چاٹ رہی ہے اور يہ کہ ديسی درخت ہے تو علاج بھی ديسی طريقہ سے ہو سکتا ہے ۔ ہماری قوم کی تمام بيمارياں غيرمُلکی جراثيم کا نتيجہ ہيں ۔ ديسی حکيم چاہے حکيم سعيد ہو ۔ ڈاکٹر غلام مرتضٰے ملک ہو يا ڈاکٹر عبدالقدير خان يا اُنہيں مار کے دفن کر ديتے ہيں يا زندہ درگور کر ديتے ہيں ۔
.
آپ کہيں گے کہ اِدھر اُدھر کی ہانک رہا ہے بتاتا نہيں کانٹا يا کُتا کہاں ہے ؟ غير مُلکی حکمرانوں کے مُلک چھوڑ دينے کے باوجود ان کی وضع کردہ لادينی تعليم يافتہ مسلمانوں کی اکثريت کو اپنے دين سے بيگانہ کر ديا تھا ۔ جس کے زيرِاثر وہ سمجھنے لگے تھے کہ اسلام موجودہ زمانہ کی ترقی کا ساتھ نہيں دے سکتا ۔ اسلئے وہ تغيّرپضير زمانہ کو اس کی خاميوں اور خرابيوں کے ساتھ قبول کرتے گئے ۔ تحريکِ پاکستان کی بُنياد بلاشُبہ اسلام تھا جس کا عينی گواہ ميں خود بھی ہوں ۔ بدقسمتی سے جو بحث پاکستان بننے کے اعلان کے بعد انہيں تعليم يافتہ ميں سے کچھ نے شروع کی تھی آج بھی جاری ہے کہ کيا پاکستان ايک سيکولر سٹيٹ ہونا چاہيئے تھی يا پھر اسے ہندوستان ميں بسنے والے مسلمانوں کيلئے عليحدہ مملکت ہونا چاہيئے ۔ يہ ايک بڑی غلطی ہے جس کا خميازہ قوم بھُگت رہی ہے ۔
.
چنانچہ يہ کانٹا غلام محمد اور اُس کے بابو ساتھيوں نے 1953 عيسوی میں چبھويا تھا ۔ اس کے بعدجس نے کانٹا نکالنے کے نام پر جراحی کی وہ تھوڑی سی روئی يا پٹی کا ٹکڑا يا جراحی کا اوزار اندر چھوڑ گيا ۔ آج کا نحيف مريض جب نوجوان اور توانا تھا کافی عرصہ تکليف برداش کر گيا ۔ رفتہ رفتہ زخم ميں پڑی پيپ کا زہر سارے جسم پر اثرانداز ہوا تو جسم لاغر ہوتا گيا اور تکليف بھی بڑھتی گئی ۔
.
دوسرے الفاظ ميں کُتا کنويں ميں پھينک ديا اور بعد ميں آنے والوں نے کُتے کو تو کنويں سے نہ نکلا البتہ پانی کے بوکے نکال نکال کر کنواں خشک کر ديا دوسرے مردہ کُتے کی سڑاند نے کنويں کو گندا بنا ديا ۔ جنابِ والا ۔ يہ مريض يا کنواں پاکستان ہے اور کاٹنا جو چبھويا گيا يا کتا جو گہرے کنوئيں ميں پھينکا گيا وہ اسے دينی اور دُنيوی عِلم سے دور کرنے کا عمل ۔
.
ہمارے ملک ميں تعليم کے ساتھ جو کچھ آدھی صدی سے ہوتا چلا آ رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے ۔ 1972 عيسوی تک تو صرف اتنا تھا کہ تعليم کی طرف توجہ نہ دی گئی مگر جو تھا وہ چلتا رہا ۔ گو دينی تعليم نہ ہونے کے برابر تھی ۔ 1972 تعليمی ادارے قوميا کر اعلٰی معيار قائم کرنے کے بہانے ان کا جو حشر کيا گيا وہ کسی دوشيزہ سے بدکاری کرنے سے کم نہ تھا ۔ اُس کے بعد دو معيار کے تعليمی ادارے بنانے کی حوصلہ افزائی کی گئی جو آج تک جاری ہے ۔ اس کا مقصد قوم کو دو طبقوں ميں تقسيم کرنا تھا ۔ حاکم اور محکوم ۔ سو يہ مقصد بڑے کرّوفر کے ساتھ حاصل کيا جا چکا ہے ۔
.
يہ کانٹا چبھونے کے بعد جراحی يہ ہوتی رہی کہ ايسے قانون اور اصول وضح کئے گئے جس کے نتيجہ ميں امير امير تر ہوئے اور متوسط طبقہ غريب ہوتا گيا اور اب معمولی استثنٰی کے ساتھ دو طبقے تقريباً بن گئے ہيں ۔ ايک بہت امير اور دوسرا غريب ۔ مگر اوّلالذکر طبقہ کی نقل ميں کچھ متوسط طبقہ نے اپنے لوازمات اپنی اوقات سے کہيں زيادہ بڑھا لئے ہيں جو اُنہيں بھی لوٹ مار پر اُکساتے رہتے ہيں ۔ علم سے بے بہرہ اور دين سے بيگانہ ہو کر اچھی زندگی گذارنے کے بہانے لوگ اپنے ہی بھائيوں کا گلا کاٹنے اور لوٹ مار ميں لگ چکے ہيں ۔ پہلے ہماری عِلمی حقيقتوں سے عاری اور فلمی دنيا ميں گُم رہنے والی قوم بے خيالی ميں ہندوانہ رسوم اپنائے جا رہی تھی اور ہمارے ملک کی آزاد خيال اين جی اوز اس سلسہ ميں اُن کی حوصلہ افزائی کرتی رہتی تھيں ۔ اب موجودہ حکومت کی روشن خيالی نے وارے نيارے کر ديئے ہيں ۔ روشن خيالی کے نرغے ميں آئے ہوئے لوگ نہ صرف ہندوانہ اور مغربی رسوم اپنانا قابلِ فخر سمجھنے لگ گئے ہيں بلکہ رشوت اور لوٹ مار کو حق اور دھوکہ دہی و دوسری خرافات کو ہوشياری کا نام دے ديا ہے اور عُريانی اور جنسی اظہار کو ترقی کی نشانی قرار دے ديا ہے ۔
.
مثل مشہور ہے کہ آئينے ميں اپنا ہی چہرہ نظر آتا ہے اسلئے ہمارے حکمران جو عُلم کو اپنا غلام اور دِين کو اجنبی سمجھتے ہيں کو قوم کے مال پر عياشياں کرتے ہوئے سب عوام خوشحال نظر آتے ہيں ۔ جہاں تک قوم کا تعلق ہے کچھ کو لوٹ مار سے فرصت نہيں ۔ کچھ امير بننے کی دوڑ ميں سرگرداں ہيں اور کچھ ايک وقت کی روٹی مِل جانے کے بعد اپنے بچوں کے لئے دوسرے وقت کی روٹی کيلئے اتنے پريشان ہيں کہ گردوپيش کا ہوش نہيں ۔ نتيجہ ظاہر ہے کہ کوئی تحريک ظُلم اور اجاراداری کے خلاف نہيں اُٹھتی ۔
.
کانٹے يا کنويں کے کُتے کی نشاندہی ميں نے کر دی ہے ۔ کانٹا يا کُتا نکالا کيسے جائے ؟ يہ ايک تفصيلی موضوع ہے انشاءاللہ آئيندہ ۔
*
میرا دوسرا بلاگ يہاں کلِک کر کے پڑھيئے يا مندرجہ ذیل یو آر ایل اپنے براؤزر ميں لکھ کر کھولئے ۔
Hypocrisy Thy Name - - http://hypocrisythyname.blogspot.com - - یہ منافقت نہیں ہے کیا

Monday, May 15, 2006

چُٹکلے

ہفتہ کو اسلام آباد ميں درجہ حرارت 43 ڈگری سيلسِيئس تک گيا اتوار کو صبح نو بجے ہی بہت گرمی تھی ۔ اتوار بازار ہمارے گھر سے ايک ڈيڑھ کلوميٹر کے فاصلہ پر ہے ۔ ميں سودا لينے گيا تو وہاں ايک دکان پر کچھ لوگ گرمی کی شدّت کا ذکر کر رہے تھے ۔ مجھے آمد ہوئی ميں نے ايک صاحب کو مُخاطب کر کے پوچھا "بھائی صاحب ۔ اگر آپ کے ساتھ کو ہيراپھيری کرے تو؟" وہ صاحب کچھ پريشان ہوئے پھر بولے "ظاہر ہے گرمی آئے گی" ميں بولا "جب سب ہيراپھيری ميں لگے ہيں تو گرمی کی شکائت کيوں ؟"
.
اتوار بازار سے واپسی پر ايک کرائے کی پِک اَپ پر لکھا شعر پڑھا ۔
.
ميرے خلوص کی قيمت بھی کم نہ تھی
وہ کم انديش لوگ تھے سو دولت پہ مرگئے
.
ايک شعر ميرے بچپن کا
.
ہو جُون کا مہينہ خُنکی سی پڑ رہی ہو
بارہ بجے ہوں دن کے اور اوس پڑ رہی ہو
*
میرا دوسرا بلاگ يہاں کلِک کر کے پڑھيئے يا مندرجہ ذیل یو آر ایل اپنے براؤزر ميں لکھ کر کھولئے ۔
Hypocrisy Thy Name - - http://hypocrisythyname.blogspot.com - - یہ منافقت نہیں ہے کیا

Saturday, May 13, 2006

مزيد بابت خُدا حافظ اور عربی کاقصور ؟

سيّدہ مہر افشاں صاحبہ نے ميری تحرير پر تبصرا کرتے ہوئے لکھا "- - ليکن ايک بات ميری سمجھ ميں نہيں آتی جو اللہ حافظ کہنا چاہتے ہيں اُن پر اِتنی تنقيد اور جو خُدا حافظ کہنے کيلئے صفحوں پر صفحے سياہ کئے جاتے ہيں کيا وہ شدّت پسندی ميں مُبتِلا نہيں ہيں ؟ جب يہ طے ہو گيا کہ جس کو جو اچھا لگے وہ وہی کہے تو احمد بشير ۔ انتظار حسين اور دوسرے اُن جيسی سوچ رکھنے والوں کو کيا کہا جائے ۔ ۔ ۔ ؟ "
۔
احمد بشير اور اِنتظار حسين صاحبان کے مضامين جن پر مہر افشاں صاحبہ نے رائے طلب کی ہے ميں نے اپنے بڑے بيٹے زَکَرِيّا کی تحرير پر سپاہی صاحب [sepoy] کے تبصرہ کے حوالہ سے پڑھے تھے ۔ ميں ايسے لوگوں کو بُرا نہيں کہتا کيونکہ اوّل تو يہ فرض اللہ نے مجھے تفويض نہيں کيا۔ دوم ۔ اگر ايسے لوگ نہ ہوتے تو ميرے دِل ميں عِلمِ دين کی جُستجُو کيسے پيدہ ہوتی؟ سوم ۔ اُنہيں بُرا کہنے سے اُن کا تو کُچھ نہيں بگڑے گا البتہ ميری زبان مَيلی ہو گی ۔
۔
احمد بشير صاحب نے اللہ حافظ کہنے کی مُخالفت کرتے ہوئے لکھتے ہيں کہ اُنہوں نے پاکستان ۔ برطانيہ ۔ متحدہ عرب امارات اور امريکہ کے کئی شہروں ميں بہت سے احباب سے ٹيلفون پر بات کی اور سب نے کلام کے اختتام پر اللہ حافظ کہا ۔ ثقافت اور رسم و رواج کے حامی جمہوريت کے دِلدادہ بھی ہوتے ہيں مگر سو فيصد جمہور کا فيصلہ احمد بشير صاحب نہ ماننے پر بضد ہيں ۔ پوٹھوہاری زبان کا ايک مقولہ ہے " تُساں نا آکھا سِر مَتھّے اَساں نا پرنالہ اُتھے نا اُتھے" [ترجمہ: آپ کہتے تو صحيح ہيں مگر ہم وہی کريں گے جو ہم کر رہے ہے] مزيد احمد بشير صاحب فرماتے ہيں کہ "خُدا" فارسی کے لفظ "خُود" سے نکلا ہے اور اس کا مطلب ہے "خُود بخُود پيدا ہوا "۔ سُبْحان اللہ ۔ ميں نے اپنی سابقہ تحرير ميں مثال دی تھی " لکھے مُو سا پڑھے خود آ " کو بنا ديا گيا "لکھے موسٰی پڑھے خُدا "۔ معلوم ہوتا ہے احمد بشير صاحب نے کہيں يہ پڑھ رکھا ہو گا ۔ ورنہ فارسی سے استنباط نہ کرتے ۔
۔
اِنتظار حسين صاحب نے Prof Ralph Russell کی تحرير کی بنياد پر اُردو کے اعلٰی و عُمدہ ترين اداروں [مُقتدرہ قومی زبان پاکستان اور دارُالترجمہ عُثمانيہ يونيورسٹی حيدرآباد دکن بھارت] اور ان اداروں ميں کام کرنے والے عُمدہ اُردودانوں کو غلط قرار ديتے ہيں تو پھر اِنتظار حسين صاحب کے ساتھ بحث کرنے کی کون جُراءت کرے ۔ اِنتظار حسين صاحب کہتے ہيں کہ جب انگريزی سے اُردو ميں ترجمہ کرتے ہوئے عربی اور فارسی کے اُصُول اپنانا ہيں تو انہيں انگريزی ہی ميں رہنے ديا جاۓ ۔ جو شخص يہی بھول جائے کہ اُردو کے ماں باپ عربی اور فارسی ہيں اُسے کوئی کيا کہے ۔ مزيد خُدا حافظ کہنے کے متعلق احمد بشير صاحب کی تائيد ميں کہتے ہيں کہ " خُدا ايک پاک نام ہے جسے مسلمان شعراء ۔ مفکّرِين اور عُلماء نے مذہبی احساسات اور سوچ کو جذب کر کے استعمال کيا ہے اور عام مسلمانوں کی مُجتمع سوچ بھی يہی ہے" ۔ يہ اِستدلال ميری سمجھ ميں نہيں آيا کہ سارے مذہبی احساسات اور سوچ صرف لفظ خُدا ميں کيوں کر جذب ہو کر رہ گئے اور لفظ اللہ ميں کيوں نہ ہو سکے ؟ احمد بشير اور اِنتظار حسين صاحبان کا يہ اِستدلال بھی صحيح نہيں کہ جنرل ضياءالحق کے دور ميں لوگوں نے اللہ حافظ کہنا شروع کيا ۔ کيا مارشل لاء کا کوئی حُکمنامہ تھا کہ سب اللہ حافظ کہيں ؟
۔
حقيقت يہ ہے کہ لوگ پہلے بھی اللہ حافظ کہتے اور لکھتے تھے پھر جب 1970 عيسوی ميں پاکستان کی طِبّبی ۔ فنّی اور عسکری جماعتيں سرکاری طور پر عرب ملکوں کو لمبے دورانيوں کيلئے جانا شروع ہوئيں ۔ 1973 عيسوی سے مہنگائی اور بے روزگاری کا آغاز ہوا جو دن بدن بڑھتا گيا چنانچہ انفرادی طور پر بھی لوگوں نے عرب ممالک کا رُخ کيا جس کے باعث عربی کے کئی الفاظ اُردو ميں ضم ہوئے ۔ لوگوں نے اپنے بچوں کے نام بھی عربی ميں رکھنے شروع کئے ۔ کئی لوگوں کے تلفُّظ ميں بھی تبديلی آئی ۔ اس کے علاوہ عربی کھانے بھی پاکستان ميں رائج ہوئے مثلاً فُول مدمّس ۔ شورما ۔ جُبنہ بيضاء ۔ بقلاوہ وغيرہ ۔
۔
ميری زندگی ميں کچھ لوگوں کا اس طرح کا رويّہ پہلا واقع نہيں ۔ اللہ جلِّ شانُہُ کی کرم نوازی ہے کہ مجھے بہت سے تجربوں سے گُذارا اور ثابت قدم رکھا ۔ اِن مخالف رويّوں بلکہ تجربوں نے اپنے مالک و خالقِ حقيقی کو پہچاننے ميں ميری مدد کی ۔ ميرا سب سے کٹھن وقت وہ تھا جب 51 سال قبل ميں گارڈن کالج راولپنڈی ميں ايف ايس سی کا طالب علم تھا اور بائبل کی کلاس ميں امريکن اُستاد کے مذہبی حملہ کے سامنے سوائے ايک طالب علم [مصطفٰے صدّيقی] کے ميرے سميت مسلمان کہلانے والوں کی پوری جماعت گُنگ ہو کر رہ گئی تھی ۔ اس حادثہ کے زيرِ اثر ميں نے انجيل مکمل [زبور ۔ تورات اور انجيل] کا اچھی طرح مطالعہ کيا پھر قرآن شريف سمجھنے کے پيچھے پڑ گيا ۔ اُن دنوں راولپنڈی ميں قرآن شريف کی اُردو ميں تفسير تو کيا مُستند دينی کُتب بھی ناياب تھیں چنانچہ ميں نے اچھے عالِموں کو ڈھونڈنے اور اُن سے استفادہ حاصل کرنے کی کوشش کی ۔ اس سعی ميں مجھ پر عياں ہوا کہ جو بہت سے لوگ بظاہر عالِم تھے اُن ميں حقيقی عالِم خال خال ہی تھے باقی اسلئے مسجد يا گدّی سنبھالے بيٹھے تھے کہ اُن کے بزرگوں کا يہی پيشہ انگريزوں کے وقت سے چلا آرہا تھا بہرحال کچھ عالِم مل گئے جنہوں نے ميرا قِبلہ درُست کيا ۔
۔
اُنہی دنوں ايک ترقی پسند تحريک اُبھری جو اپنی چکاچوند کے باعث بہت جلد پھيل گئی ۔ ميں بھی اس ميں شامل ہو گيا ۔ اس کے رہبروں نے ترقی کے لبادے ميں اسلام کے بخيئے اُدھيڑنے شروع کئے تو اُن کی اصليت اُجاگر ہوئی ۔ 1956 عيسوی ميں انجنئرنگ کالج ميں داخل ہوا تو لاہور ميں مجھے کچھ مُستند دينی کُتب دستياب ہوئيں اور ميں نے انہماک کے ساتھ دين کو سمجھنا شروع کيا ۔ بعد ميں اپنی زندگی کے مراحل طے کرتے ہوئے کبھی اسلامی سوشلِزم کبھی ترقی پسند اسلام وغيرہ ديکھتا رہا اور اب ساڑھے چھ سال سے روشن خيال اسلام ديکھ رہا ہوں ۔
*
میرا دوسرا بلاگ يہاں کلِک کر کے پڑھيئے يا مندرجہ ذیل یو آر ایل اپنے براؤزر ميں لکھ کر کھولئے ۔
Hypocrisy Thy Name - - http://hypocrisythyname.blogspot.com - - یہ منافقت نہیں ہے کیا

Thursday, May 11, 2006

پھر نہ کہيئے کہ خبر نہ ہوئی

مجھے وسط اپريل 2006 ميں اطلاع مِل گئی تھی کہ پی ٹی اے نے بلاگسپاٹ پر سے پابندی اُٹھا دی ہے اور متعلقہ بلاگز يا ويب سائيٹس [blogs or websites] کو انفرادی طور پر بند کرنے کا عمل شروع ہے ۔ ميں بلاگسپاٹ پر سے پابندی اُٹھنے کے متعلق 7 مئی کو تحرير کرچُکا ہوں ۔ اُس سے چند دن پہلے ايک صاحب يہ خوشخبری دے چُکے تھے ۔ اُميد ہے کہ اب سب قارئين بلاگسپاٹ کے بلاگز براہِ راست کھول سکتے ہونگے ۔ اگر ابھی بھی آپ بلاگسپاٹ کے بلاگز نہ کھول سکتے ہوں تواپنے آئی ايس پی [Internet Service Provider] سے فوراً رابطہ کر کے اُسے بلاگسپاٹ پر سے پابندی اُٹھانے کا کہيئے ۔

Wednesday, May 10, 2006

"اللہ حافظ" يا " خُدا حافظ" ؟

.
.
چونکہ يہ صلاحِ عام کا معاملہ ہے اس لئے ميں نے اِس کی وضاحت ضروری سمجھی ۔ قارئين سے درخواست ہے کہ اگر اس سلسلہ ميں مزيد مُستند معلومات رکھتے ہوں تو مجھے مُستفيد فرمائيں ۔ شکريہ پيشگی ۔
.
ہمارے مُلک ميں آج سے 34 سال قبل تک سکولوں اور کالجوں ميں امتحان ميں نمبر لينے کے علاوہ طُلباء اور طالبات کو معلوماتِ عامہ اور تاريخی حقائق سے بھی روشناس کرايا جاتا تھا ۔ معلوماتِ عامہ کے امتحان بھی ہوا کرتے تھے ۔ اس کے علاوہ فرسٹ ايڈ ۔ رضاکارانہ خدمت اور ہوائی حملہ سے بچاؤ کی تربيت دی جاتی تھی ۔ طلباء اور طالبات کو اساتذہ ہدايت کرتے تھے کہ وھ نصابی کُتب کے علاوہ ہم نصابی اور غير نصابی عُمدہ کُتب کا مطالعہ بھی کيا کريں ۔ 1972 عيسوی ميں تعليمی اصلاحات کے نام پر تعليم کا ستيا ناس شروع ہوا جو آج تک جاری ہے ۔ ترقی کے نام پر جائزوناجائز مُختصر راستے [short cut] نکال لئے گئے ۔ اب لوگ ڈِگريوں کے حامل تو بن جاتے ہيں مگر تعليم يافتہ نہيں ہو پاتے سوائے اُن چند کے جنہيں خود علم حاصل کرنے کا شوق ہو ۔ فی زمانہ ناول اور ديگر فرضی کہانياں تو بہت پڑھی جاتی ہيں مگر اور تو کُجا نصابی کُتب کو بھی مکمل طور پر پڑھنے کی بجائے Notes پڑھ لئے جاتے ہيں ۔ البتہ بوجوہ يا بلاوجہ تنقيد کا عام رواج ہے ۔ مگر حال " خود مياں فصيحت دِيگراں را نصيحت" والا ہے ۔
.
اللہ کو کسی اچھے نام سے پکارنے سے منع کرنا غَلَط ہے ۔اِس سلسلہ ميں ايک واقعہ ۔ حضرت موسٰی عليہ السّلام چلے جا رہے تھے کہ اُنہوں نے سُنا ايک گڈريا کہہ رہا تھا " ميرے پيارے اللہ اگر تو ميرے پاس آئے ۔ ميں اپنی بکری کے دودھ سے تمہارا سر دھوؤں ۔ تمہارے سر سے جوئيں نکالوں اور تمہارے بالوں ميں کنگھی کرکے مِينڈِياں بناؤں"۔ اُس اَن پڑھ گُڈريئے کيلئے سب سے اچھی بات يہی تھی ۔ حضرت موسٰی عليہ السّلام نے اُسے ناراض ہو کر منع کيا اس پر اللہ تعالٰی کیطرف سے وحی نازل ہوئی "نہ منع کر ميرے بندے کو ۔ وہ جس طرح مجھے پُکارتا ہے پُکارنے دے" ۔ سُبْحَانَ اللہ ۔
.
اب آتے ہيں لفظ "خُدا" کے ماخذ اور استعمال کی طرف ۔ خُدا کا مطلب آقا يا حاکم ہے ۔ اِس سے مِلتا جُلتا عربی زبان کا لفظ "مولا" ہے ۔ ايک دلچسپ واقعہ ۔ ميں اور ايک پاکستانی ساتھی طرابلس[ليبيا] کے ايک بازار ميں جارہے تھے ۔ ايک لِيبی ايک دُکان کے سامنے کھڑا بلند آواز ميں کہہ رہا تھا " اَينَ مَولا ؟ اَينَ مَولا ؟" ميرا ساتھی استغفار پڑھنے لگ گيا ۔ ميرے پوچھنے پر کہا " کتنا بدتميز ہے ۔ کہہ رہا ہے اللہ کہاں ہے ؟ " دراصل وہ لِيبی کہہ رہا تھا کہ دُکان کا مالک کہاں ہے ؟
.
لفظ " اِلَہ" اور اللہ قديم زمانہ سے ہيں اللہ اور اِلَہ اٰلِ ابراہيم ميں استعمال ہوتے آئے ۔ عربی زبان ميں بھی آئے اور قرآن شريف ميں لکھے گئے ۔ اِلَہ کے معنی معبود کے ہيں يعنی جس کی عبادت کی جائے ۔ اللہ اِس کی تخصيص ہے يعنی صرف ايک معبود ۔ چنانچہ اللہ صرف مالک و خالقِ حقيقی کيلئے استعمال ہوتا ہے جو ايک اور يکتا ہے ۔ اُردو سے پہلے ہندوستان ميں فارسی رائج تھی ۔ لفظ خُدا فارسی کا نہيں بلکہ قديم يونانی زبان کا لفظ ہے جو فارسی اور پھر اُردو میں مُستعمل ہوا ۔ اُردو نئی زبان تھی جو تُرکی ۔ فارسی ۔ عربی ۔ سنسکرت اور گورمُکھی کا آميزہ تھی ۔ ميں اِس وقت کوئی دستاويزی ثبوت مہيّا نہيں کر سکتا مگر ميں نے يہ سب کچھ مُستند کُتب ميں پڑھا ہوا ہے ۔ خُدا يا god دوسرے بھی ہو سکتے ہيں ۔ انگريزی ميں تو اللہ کيلئے capital G لکھ کر اللہ کيلئے God اور اُن کے دوسرے خُداؤں کيلئے god لکھ کر ان ميں فرق پيدا کر ديا گيا ليکن اُردو ميں ايسا نہيں ہے ۔
.
پاکستان بننے سے پہلے ہی لفظ خُدا کے کئی اور استعمال شروع ہو چکے تھے مثلاً مجازی خُدا ۔ ناخُدا ۔ کتخُدا ۔ ايک ضرب المِثل "لکھے مُو سا پڑھے خود آ " مطلب يہ کہ بالوں کے گُچھے يعنی کاڑا باڑا لکھے تو پھر لکھنے والا خود ہی آ کر پڑھے ۔ کو بنا ديا گيا "لکھے موسٰی پڑھے خُدا "۔ پاکستان بننے کے بعد سنسکرت اور گورمُکھی کے الفاظ کی جگہ عربی کے الفاظ کو فروغ حاصل ہوا ۔ يہ کوئی سوچی سمجھی تبديلی نہ تھی بلکہ غير محسوس طور پر ہوتی چلی گئی ۔ لفظ خُدا کی نسبت اللہ کا استعمال بھی زيادہ ہوا مگر لفظ خُدا بولا جاتا رہا ۔ ايک وقت آيا کہ اپنے آپ کو ترقی پسند کہنے والوں نے لفظ خُدا کا غَلَط استعمال شروع کيا اور انتہائی لَغو شاعری بھی کی گئی ۔ [ميں زيادہ لکھ کر اپنا دماغ پراگندہ نہيں کرنا چاہتا] ۔ اُن دنوں اللہ لکھنے کی تحريک اُٹھی اور کافی حد تک لوگوں نے اُسے قبول کيا ۔ ميں بچپن سے ہی "خُداحافظ" کے علاوہ زيادہ تر اللہ کہتا تھا ۔ جب پرويز مشرف کا دور شروع ہوا اور ہر طرف دين بيزار اور شُترِ بے مہار ثقافت کا دور دورہ شروع ہوا تو مُجھے گذشتہ ترقی پسند دور کی ياد آئی اور ميں نے خُدا حافظ کی جگہ بھی اللہ حافظ کہنا شروع کر ديا ۔
.
عربی زبان سے مسلمانوں کا لگاؤ عين فطری ہے ۔ پھر ايک زمانہ تھا آج سے 50 تا 70 سال قبل جب بہترين انگريزی ناولوں ميں عربی کے کئی الفاظ استعمال کئے گئے مثلاً اھلاً و سہلاً ۔ مرحبا ۔ معليش ۔ کتر خيرک وغيرہ ۔ عربی زبان کے لفظ دوسری زبانوں ميں بھی ہيں مثلاً تُرکی ۔ جرمن ۔ ہسپانوی ۔
.
يہ بات غور طلب ہے کہ اللہ سُبْحَانُہَ و تعالٰی نے فرمايا ہے کہ مجھے ميرے اچھے ناموں سے ياد کرو ۔ اللہ تعالٰی کے نام قرآن شريف ميں مرقوم ہيں ليکن لفظ "خُدا" قرآن شريف ميں مرقوم نہيں ہے حالانکہ قرآن شريف ميں کئی ايسے الفاظ ہيں جو عربی زبان کے نہيں ہيں ۔ اِس کی وجہ شائد اُن کا عام فہم ہونا ہی ہے ۔ ويسے بھی ديکھا جائے تو جو بات قرآن شريف ميں مرقوم ہے وہ افضل ہے ۔ اس لئے اللہ حافظ کہنا افضل ہے خُدا حافظ کہنے سے ۔ ليکن خُدا حافظ کہنا معيوب يا قابلِ مذمّت بالکل نہيں ۔
.
وما علينا الالبلاغ ۔ اللہ سُبْحَانُہَ و تعالٰی ہميں دين اسلام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفيق عطا فرمائے ۔ آمين ۔
*
اگر آپ بلاگسپاٹ نہ کھول سکتے ہوں تو میرے بلاگ مندرجہ ذیل یو آر ایلز [URLs] سے براہِ راست کھُل جائيں گے ۔
What Am I ? -- http://www.pkblogs.iftikharajmal.blogspot.com -- میں کیا ہوں ؟ .
Hypocrisy Thy Name -- http://www.pkblogs.hypocrisythyname.blogspot.com -- یہ منافقت نہیں ہے کیا ؟

Sunday, May 07, 2006

پہلی سالگرہ

آج اللہ کے فضل و کرم سے میرے بلاگ " میں کیا ہوں - What Am I " کو شروع کئے ایک سال مکمل ہو گیا ہے ۔ میرے اس بلاگ پر پر عام قارئین کی دلچسپی کے لئے شائد زیادہ مواد نہیں ہوتا ۔ اسی وجہ سے اس کے قارئین کی اس وقت کُل تعداد صرف 8102 ہے جو کہ اوسطاً فی یوم 22 سے زيادہ بنتی ہے ۔ جن لوگوں نے لمحہ بھر کے لئے اسے دیکھا ان کی تعداد اس کے علاوہ ہے ۔ اِن اعداد و شُمار ميں اشتہار اور سپَيم وغيرہ شامل نہيں ہيں ۔ کيونکہ اُنہيں ميں نے اللہ کے فضل سے بلاک کيا ہوا ہے ۔ آجکل ایک سے ایک عمدہ بلاگ موجود ہے لیکن اللہ کی مہربانی سے ابھی تک کوئی دوسرا بلاگ اس طرح مختلف مگر سنجیدہ موضوعات کا احاطہ نہیں کرتا ۔ سچ پوچھیے تو اس بلاگ کی زندگی اور اسکی ترقی قارئین کی رائے کی مرہونِ منّت ہے جنہوں نے وقتاً فوقتاً مُختلف قسم کی آرا دے کر مجھے اپنے دماغ کو کُریدنے اور زيادہ محنت کرنے پر مجبور کیا اور موضوع سے موضوع نکلتا چلا گیا ۔ میری دعا ہے کہ اللہ سُبْحَانُہُ وَ تَعَالٰی تمام قارئین کو صحت و تندرستی اور ہمت عطا فرمائے آمین اور وہ اپنی مفید آرا سے مجھے مُستفید فرماتے رہیں ۔ اللہ سُبْحَانُہُ وَ تَعَالٰی موجودہ قارئین کے دوست و سہیلیوں [نئے قارئین] کو بھی صحت و تندرستی اور ہمت عطا فرمائے آمین اور اُن سے درخواست ہے کہ وہ بھی اپنی مفید آرا سے مجھے مُستفید فرمائیں ۔
*
جہانتک ميرے علم ميں ہے بلاگسپاٹ پر سے پابندی ہٹائی جا چُکی ہے ليکن ہوسکتا ہے کہ ابھی کچھ سُست انٹرنيٹ سروس پرووائيڈرز [Internet Service Providers]نے نئے حکم پر عمل نہ کيا ہو۔ اسلئے اگر آپ بلاگسپاٹ نہ کھول سکتے ہوں تو میرے بلاگ مندرجہ ذیل یو آر ایلز [URLs] پر براہِ راست کھُل جائيں گے۔
What Am I? - - - http://www.pkblogs.iftikharajmal.blogspot.com میں کیا ہوں ؟
Hypocrisy Thy Name - - - http://www.pkblogs.hypocrisythyname.blogspot.com یہ منافقت نہیں ہے کیا ؟

Friday, May 05, 2006

سال 2005کی بنياد پر ناکام رياستيں

دی فنڈ فار پيس [The Fund for Peace ] ايک نامور ادارہ ہے جو معلومات اکٹھا کرنے اور اُس کی چھانٹ پھٹک کر کے کارآمد علم حاصل کرنے کا چار دہائيوں سے زائد سالوں کا تجربہ رکھتا ہے نے دنيا کے ممالک کی کارکردگی کے متعلق اپنی دوسری رپورٹ شائع کی ہے ۔ طريقہءِ کار يہ ہے کہ مئی سے دسمبر 2005 تک کے لاکھوں مضامين بين الاقوامی اور مقامی ذرائع سے تھامسن ڈائيلاگ [Thomson DIALOG ] کے استعمال سے حاصل کئے گئے پھر کاسٹ سافٹ ويئر [CAST software] کی مدد سے ان ضخيم دستاويزات کا ابتدائی تجزيہ کيا گيا جس پر ماہرين نے نظرِثانی کی اور نتيجہ ترتيب ديا ۔ ۔ مندرجہ ذيل 12 منفی عامِل [Operator] بطور علامت [Index ] مقرر کئے گئے ۔ پاکستان کے ان ميںحاصل کردہ نمبر ہر ايک کے سامنے لکھے ہيں ۔
1 - Mounting Demographic Pressures - 9.3 Rank 5 ۔
2 - Massive Movement of Refugees and IDPs – 9.3 Rank 4 ۔
3 - Legacy of Vengeance - Seeking Group Grievance – 8.6 Rank 14 ۔
4 - Chronic and Sustained Human Flight – 8.1 Rank 12 ۔
5 - Uneven Economic Development along Group Lines – 8.9 Rank 11 ۔
6 - Sharp and/or Severe Economic Decline – 7.0 Rank 24 ۔
7 - Criminalization or Delegitimization of the State – 8.5 Rank ۔
8 - Progressive Deterioration of Public Services – 7.5 Rank 21 ۔
9 - Widespread Violation of Human Rights – 8.5 Rank 13 ۔
10 - Security Apparatus as "State within a State" – 9.1 Rank 11 ۔
11 - Rise of Factionalized Elites – 9.1 Rank 9 ۔
12 - Intervention of Other States or External Actors – 9.2 Rank 9 ۔
ہر ايک عامِل کے 10 نمبر مقرر کئے ۔ اس طرح کُل نمبر 120 بنے ۔ سب سے زيادہ نمبر حاصل کرنے والے مُلک کا نام سب سے اُوپر لکھا گيا اس کے بعد بتدريج کم نمبر لينے والے مُلکوں کے نام لکھے گئے ۔ 90 يا زيادہ نمبر لينے والا مُلک ناکام رياست گردانا گيا ۔ اس طرح 2005 کی کارکردگی کی بنياد پر 28 مُلک "ناکام رياستيں" قرار ديئے گئے ۔ نيچے ان ممالک کے نام مع حاصل کردہ نمبروں کے درج ہيں سب سے زيادہ ناکام رياست سوڈان کو اور سب سے کم ناکام رياست کرغزستان قرار ديا گيا ۔ پاکستان نويں نمبر پر ہے ۔ تفصيلات کے لئے عنوان پر کلِک کيجئے ۔
۔
Rank ۔ Country - - - - - - - - - - - - - Marks
. 1 - - - - Sudan - - - - - - - - - - - - - - 112.3
. 2 - - - - Democratic Rep of Congo 110.1 .
3 - - - - Cote d’Ivoire - - - - - - - - - - 109.2 .
4 - - - - Iraq - - - - - - - - - - - - - - - - 109.0 .
5 - - - - Zimbabwe - - - - - - - - - - - - 106.9 .
6 - - - - Chad - - - - - - - - - - - - - - - 105.9 .
7 - - - - Somalia - - - - - - - - - - - - - 105.9 .
8 - - - - Haiti - - - - - - - - - - - - - - - - 104.6 .
9 - - - - PAKISTAN - - - - - - - - - - - 103.1 .
10 - - - Afghanistan - - - - - - - - - - 99.8 .
11 - - - Guinea - - - - - - - - - - - - - - 99.0 .
12 - - - Liberia - - - - - - - - - - - - - - 99.0 .
13 - - - Central African Republic - 97.5 .
14 - - - North Korea - - - - - - - - - - 97.3 .
15 - - - Burundi - - - - - - - - - - - - - 96.7 .
16 - - - Yemen - - - - - - - - - - - - - - 96.6 .
17 - - - Sierra Leone - - - - - - - - - - 96.6 .
18 - - - Burma / Mayanmar - - - - - 96.5 .
19 - - - Bangladesh - - - - - - - - - - 96.3 .
20 - - - Nepal - - - - - - - - - - - - - - - 95.4 .
21 - - - Uganda - - - - - - - - - - - - - 94.5 .
22 - - - Nigeria - - - - - - - - - - - - - - 94.4 .
23 - - - Uzbekistan - - - - - - - - - - - 94.4 .
24 - - - Rwanda - - - - - - - - - - - - - 92.9 .
25 - - - Sri Lanka - - - - - - - - - - - - 92.4 .
26 - - - Ethiopia - - - - - - - - - - - - - 91.9 .
27 - - - Colombia - - - - - - - - - - - - 91.8 .
28 - - - Kyrgyzstan - - - - - - - - - - - 90.3 ۔
پہلی رپورٹ جو 2005 عيسوی کے شروع ميں شائع ہوئی وہ مئی سے دسمبر 2004 پر مبنی تھی ۔ اس ميں 33 مُلک ناکام رياست قرار ديئے گئے تھے اور پاکستان 89.8 نمبروں کے ساتھ 34ويں نمبر پر آ کر بال بال بچ گيا تھا ۔ ڈيٹيلڈ مارکس شيٹ يہ ہے ۔
Index 1 - 5, Index 2 - 5, Index 3 - 6.9 , Index 4 - 8, Index 5 - 9 , Index 6 - 3.3 , Index 7 - 9.8 , Index 8 - 7.5 , Index 9 - 8.1 , Index 10 - 9, Index 11 - 9.3 , Index 12 - 8.5
*
اگر آپ بلاگسپاٹ نہ کھول سکتے ہوں تو میرے بلاگ مندرجہ ذیل یو آر ایلز [URLs] پر پڑھ سکتے ہیں
.
What Am I ? http://www.pkblogs.iftikharajmal.blogspot.com میں کیا ہوں ؟
. Hypocrisy Thy Name http://www.pkblogs.hypocrisythyname.blogspot.com یہ منافقت نہیں ہے کیا ؟

Tuesday, May 02, 2006

انوکھا مہمان