Saturday, December 31, 2005

نئے سال کے لئے مشورے

روزانہ دس منٹ قرآن شریف کی تلاوت کیجئے اگر اپنے لئے نہیں تو دوسروں کے لئے مُسکرائیے دوسروں کی بات ہمہ تَن گوش ہو کر سنیئے بچوں کی نئی دریافت چوکسّی سے دیکھیئے اپنی ناشادگی کا الزام دوسروں پر نہ رکھیئے دوسروں کی تعریف کُشادہ دِلی سے کیجئے جو مُشکِل میں ہو اُس کی حوصلہ اَفزائی کیجئے دوسروں پر تنقید کم کیجئے اچھے کام میں برغبت حصّہ لیجئے اپنے عمل کی ذمہ داری لیجئے اثر و رسوخ کے سامنے نہ جھکيئے اور تعصّب سے بچیئے دعا زیادہ مانگیئے اور پریشان کم ہوئیے دوسروں کے درگذر میں تاخیر نہ کیجئے اور خود ترسی سے باز رہیئے جو کام بھی کیجئے بہترین طریقہ سے کیجئے زندگی اس طرح گذاریئے کہ کبھی پچھتانا نہ پڑے اپنی حیثیت کو قبول کیجئے اور دوسروں کی نقل نہ کیجئے ناکامی کو تربیت کا موقع سمجھیئے جسم اور دماغ دونوں سے بھرپور کام لیجئے جو دوسرے کے پاس پسند آۓ اس پر خوش ہوئیے ۔ چھیننے کی خواہش نہ کیجئے

Thursday, December 29, 2005

کالی چائے کے مضر اثرات

کالی چائے پتوں کو فرمنٹ کر کے بنائی جاتی ہے ۔ فرمنٹیشن کو اردو میں گلنا سڑنا کہا جائے گا ۔ اس عمل سے چائے کئی اچھی خصوصیات سے محروم ہو جاتی ہے ۔ اس میں اینٹی آکسی ڈینٹس ہوتے تو ہیں مگر فرمنٹیشن کی وجہ سے بہت کم رہ جاتے ہیں ۔ کالی چائے پینے سے ایڈکشن ہو جاتی ہے اور پھر اسے چھوڑنا مشکل ہوتا ہے ۔ ہر نشہ آور چیز میں یہی خاصیت ہوتی ہے ۔ کالی چائے بھوک اور پیاس کو مارتی ہے ۔ دوسرے لفظوں میں یہ بھوک اور پیاس کے قدرتی نظام میں خلل ڈالتی ہے جو صحت کے لئے مضر عمل ہے ۔ کالی چائے پیٹ کے سفرا کا باعث بنتی ہے جس سے ہاضمہ کا نظام خراب ہوتا ہے ۔ مندرجہ بالا مضر خصوصیات کے اثرات کئی سالوں بعد ظاہر ہوتے ہیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کئی لوگ پیٹ خراب ہونے کی صورت میں یا زکام کو ٹھیک کرنے کے لئے کالی چائے بطور علاج کے پیتے ہیں حالانکہ کالی چائے دونوں کے لئے نہ صرف موزوں نہیں بلکہ مضر ہے ۔ جو ذیابیطس کے مریض بغیر چینی کے کالی چائے پیتے ہیں وہ اپنے مرض کو کم کرنے کی کوشش میں دراصل بڑھا رہے ہوتے ہیں کیونکہ کالی چائے گُردوں کے عمل میں خلّل ڈالتی ہے جِس سے ذیابیطس بڑھ سکتی ہے ۔ احتیاط سبز چائے صرف جیسامین پیجئے ۔ ٹپال ۔ لپٹن ۔ بروک بانڈ یا کوئی اور صحیح نہیں ہیں ۔ جیسامین اگر چین کی پیکنگ ہو تو بہتر ورنہ پاکستان کی پیکڈ بھی ٹھیک ہے ۔ اگر اچھی کوالٹی کی کھلی چائے مل جائے تو وہ بھی ٹھیک ہے ۔

Tuesday, December 27, 2005

اندازِ پسند

جن جوتوں کو پہننے سے آپ کے پاؤں میں تکلیف محسوس ہو انہیں پہننے سے دوسررں کو بھی تکلیف ہی ہو گی ۔ ہمیشہ خیال رکھئے کہ دوسرے کے لئے وہی پسند کیجئے جو آپ کو پسند ہو

Sunday, December 25, 2005

سبز چائے یا ‍قہوا ایک عمدہ علاج

پہلی قسط ۔ ہند و پاکستان میں کونسی چائے پی جاتی تھیں دوسری قسط ۔ چائے اور انگریز کی مکّاری تیسری قسط ۔ چائے کی دریافت کب ہوئی چوتھی قسط ۔ چائے بھی کیا چیز ہے پانچویں قسط میں نے ایک گذشتہ پوسٹ میں لکھا تھا کہ قدیم طبی معالج آج کے میڈیکل سپیشلسٹ سے بہتر تھا ۔ سو حاضر ہے ۔
To sum up, here are just a few medical conditions in which drinking green tea is reputed to be helpful:
cancer
rheumatoid arthritis high cholesterol levels cariovascular disease infection impaired immune function
سبز چائے کولیسٹرال کو کم کرتی ہے چینی سائنسدانوں نے تحقیق کے بعد ثابت کیا ہے کہ سبز چائے میں ایک ایسا کیمیکل ہوتا ہے جو ایل ڈی ایل یعنی برے کولیسٹرال کو کم کرتا ہے اور ایچ ڈی ایل یعنی اچھے کولیسٹرال کو بڑھاتا ہے ۔ پنگ ٹم چان اور ان کے ساتھی سائنسدانوں نے ہیمسٹرز لے کر ان کو زیادہ چکنائی والی خوراک کھلائی جب ان میں ٹرائی گلسرائڈ اور کولیسٹرال کی سطح بہت اونچی ہوگئی تو ان کو تین کپ سبز چائے چار پانچ ہفتے پلائی جس سے ان کی ٹرائی گلسرائڈ اور کولیسٹرال کی سطح نیچے آگئی ۔ جن ہیمسٹرز کو 15 کپ روزانہ پلائے گئے ان کی کولیسٹرال کی سطح ۔ کل کا تیسرا حصہ کم ہو گئی اس کے علاوہ ایپوبی پروٹین جو کہ انتہائی ضرر رساں ہے کوئی آدھی کے لگ بھگ کم ہو گئی ۔ میں نے صرف چائینیز کی تحقیق کا حوالہ دیا ہے ۔ مغربی ممالک بشمول امریکہ کے محقق بھی سبز چائے کی مندرجہ بالا اور مندرجہ ذیل خوبیاں بیان کرتے ہیں ۔ سبز چائے کینسر سے بچاتی ہے سبز چائے میں پولی فینالز کی کافی مقدار ہوتی ہے جو نہائت طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ہوتے ہیں ۔ یہ ان آزاد ریڈیکلز کو نیوٹریلائز کرتے ہیں جو الٹراوائلٹ لائٹ ۔ ریڈی ایشن ۔ سگریٹ کے دھوئیں یا ہوا کی پولیوشن کی وجہ سے خطرناک بن جاتے ہیں اور کینسر یا امراض قلب کا باعث بنتے ہیں ۔ سبز چائے ہاضمہ ٹھیک کرنے کا بھی عمدہ نسخہ ہے ۔ سبز چائے بطور سٹیمولینٹ ۔ ڈائی یوریٹک ۔ بلیڈنگ کنٹرول کرنے اور زخموں کے علاج میں بھی استعمال ہوتی ہے ۔ دارچینی ڈال کر بنائی جائے تو ذیابیطس کو کنٹرول کرتی ہے ۔ Atherosclerosis سبز چائے اتھروسلروسس بالخصوص کورونری آرٹری کے مرض کو روکتی ہے ۔ میں ہونے والی انفلیمیشن کو سبز چائےکم کرتی ہے ۔ Inflammatory Bowel Disease (IBD) جگر کی بیماریاں اور یرقان جو لوگ روزانہ سبز چائے کے دس یا زیادہ کپ پیتے ہیں انہیں جگر کی بیماریوں بشمول یرقان کا کم خطرہ ہوتا ہے ۔ Slimming سبز چائے کا ایکسٹریکٹ چربی کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے جس سے آدمی موٹا نہیں ہوتا ۔ مزید تفصیلات کے لئے مندرجہ ذیل سائٹس دیکھئے

Friday, December 23, 2005

کچھ نہ سمجھے خدا کرے کوئی

کسی شاعر نے کہا تھا " کچھ نہ سمجھے خدا کرے کوئی" ۔ سچ ہی کہا تھا ۔ میں نے لکھ دیا Please do not disturb ۔ خیال تھا کہ قاری کالج میں پڑھتے ہیں یا ماضی قریب میں پڑھتے رہے ہیں بات سمجھ لیں گے مگر ایسی ہماری قسمت کہاں ۔ جب ہم کالج میں پڑھتے تھے تو ہوسٹل میں عموماّ جب لڑکے عام کھانے کے علاوہ کچھ کھانے لگتے تو دروازہ پر لکھ کر لگا دیتے Please do not disturb میرے محترم قاریوں نے سمجھا کہ میں خدانخواستہ اتنا گستاخ ہوں کہ اُنہیں Buzz off کر دیا ہے ۔

Wednesday, December 21, 2005

چائے بھی کیا چیز ہے

پہلی قسط ۔ ہند و پاکستان کونسی چائے پی جاتی تھیں دوسری قسط ۔ چائے اور انگریز کی مکّاری تیسری قسط ۔ چائے کی دریافت کب ہوئی چوتھی قسط چو یوآن چانگ جس کا دور 1368 سے 1399 عیسوی تھا نے 1391 عیسوی میں حکم نافذ کروایا کہ آئیندہ چاء کو پتی کی صورت میں رہنے دیا جائے گا اور ٹکیاں نہیں بنائی جائیں گی ۔ اس کی بڑی وجہ ٹکیاں بنانے اور پھر چورہ کرنے کی فضول خرچی کو روکنا تھا ۔
سولہویں صدی کے شروع میں چائے دانی نے جنم لیا ۔ اس وقت چائے دانیاں لال مٹی سے بنائی گیئں جو کہ آگ میں پکائی جاتی تھیں ۔ پھر اسی طرح پیالیاں بنائی گیئں ۔ ایسی چائے دانیاں اور پیالیاں اب بھی چین میں استعمال کی جاتی ہیں ۔ سولہویں صدی کے دوسرے نصف میں پرتغالی لوگ چین کے مشرق میں پہنچے اور انہیں مکاؤ میں تجارتی اڈا بنانے کی اجازت اس شرط پر دے دی گئی کہ وہ علاقے کو قزّاقوں سے پاک رکھیں گے ۔ خیال رہے کہ انگریزوں کو چینیوں نے اپنی سرزمین پر قدم رکھنے کی اجازت بالکل نہیں دی اور تجارت کی اجازت بھی ستارہویں صدی کے آخر تک نہ دی ۔ گو شاہراہ ریشم سے ہوتے ہوئے ترکوں کے ذریعہ چاء پہلے ہی یورپ پہنچ چکی ہوئی تھی مگر پرتغالی تاجر چینی چاء کو براہ راست یورپ پہنچانے کا سبب بنے ۔
یورپ میں ولندیزی یعنی ڈچ تاجروں نے چاء کو عام کیا ۔ انہوں نے ستارہویں صدی میں اپنے گھروں کے ساتھ چائے خانے بنائے ۔ سال 1650 عیسوی میں آکسفورڈ میں پہلا چائے خانہ ۔ کافی ہاؤس کے نام سے بنا ۔ اور 1660 عیسوی کے بعد لندن کافی خانوں سے بھرنے لگا جن کی تعداد 1682 عیسوی تک 2000 تک پہنچ گئی ۔ ستارہویں صدی کے آخر میں کسی نے پتے سوکھانے کے عمل کے دوران تخمیر یعنی فرمنٹیشن کا طریقہ نکالا جو بعد میں کالی چائے کی صورت میں نمودار ہوا یعنی وہ چائے جو آجکل دودھ ملا کر یا دودھ کے بغیر پی جا رہی ہے ۔ یہ کالی چائے ایک قسم کا نشہ بھی ہے ۔ اسے عام کرنے کے لئے اس کا رنگ خوبصورت ہونے کا پراپیگنڈا کیا گیا چنانچہ رنگ دیکھنے کے لئے سفید مٹی کی چائے دانی اور پیالیاں بننی شروع ہوئیں ۔ چین کا مقابلہ کرنے کے لئے انیسویں صدی میں انگریزوں نے چاء کے پودے اور بیج حاصل کئے اور ہندوستان میں چاء کی کاشت کا تجربہ شروع کر دیا ۔ اس کوشش کے دوران بیسویں صدی کے شروع میں پتا چلا کہ چاء کے پودے کی جنگلی قسم آسام کی پہاڑیوں میں موجود ہے ۔ سال 1905 عیسوی میں دریافت ہوا کہ چاء کے پودے کا نباتاتی نام کامیلیا سائنیسس ہے ۔ سبز اور کالی چائے پینے کے لئے ان کے تیار کرنے میں فرق ہے ۔ کالی چائے کھولتے ہوئے پانی سے بنتی ہے جبکہ سبز چائے میں 70 درجے سیلسیئس (Celsius) تک گرم پانی ڈالنا ہوتا ہے ۔ ہندوستان میں کالی چائے دوسری جنگ عظیم کے آغاز میں عام کی گئی ۔ ہندوستان اور سری لنکا میں صرف کالی چائے پیدا ہوتی ہے ۔

Monday, December 19, 2005

ماشاء اللہ میرے گھر میں رونق

آج میں بہت خوش ہوں ۔ ٓآج میری اکلوتی پوتی پہلی بار میرے گھر آئی ہے ۔ ہاں میں اپنے بیٹے زکریا کی بیٹی مشیل کی بات کر رہا ہوں ۔ اور اس سے بھی بڑھ کر یہ کہ مشیل فوراً میری دوست بن گئی ہے ۔ زکریا بیتے نے میرا اعراب والا اردو چابی تختہ یعنی کی بورڈ بھی بنا دیا ہے ۔ آج کے لئے اتنا ہی کافی ہے ۔ میں بہت مصروف ہوں ۔ Please Do not Disturb

Saturday, December 17, 2005

چاء کی دریافت کب ہوئی اور ٹی کیسے بنی ؟

پہلی قسط ۔ ہند و پاکستان کونسی چائے پی جاتی تھیں دوسری قسط ۔ چائے اور انگریز کی مکّاری
تیسری قسط
چاۓ کی دریافت آج سے 4740 سال قبل ہوئی ۔ کہا جاتا ہے کہ چین (شین یا سین) میں شہنشاہ دوم شین نونگ ( 2737 سے 2697 قبل مسیح) نے علاج کے لئے دیگر جڑی بوٹیوں کے ساتھ چاء بھی دریافت کی ۔ شین نونگ کا مطلب ہے چین کا مسیحا ۔ چاء ایک سدا بہار جھاڑی کے پتّوں سے بنتی ہے ۔ شروع میں سبز پتوں کو دبا کر ٹکیاں بنا لی جاتیں جن کو بھون لیا جاتا تھا ۔ استعمال کے وقت ٹکیہ کا چورہ کر کے پیاز ۔ ادرک اور مالٹے یا سنگترے کے ساتھ ابال کر یخنی جس کو انگریزی میں سوپ کہتے ہیں بنا لی جاتی اور معدے ۔ بینائی اور دیگر بیماریوں کے علاج کے لئے پیا جاتا ۔ ساتویں صدی میں چاء کی ٹکیہ کا چورا کر کے اسے پانی میں ابال کر تھوڑا سا نمک ملا کر پیا جانے لگا ۔ یہ استعمال دسویں صدی کے شروع تک جاری رہا ۔ اسی دوران یہ چاء تبت اور پھر شاہراہ ریشم کے راستے ہندوستان ۔ ترکی اور روس تک پہنچ گئی
۔
سال 850 عیسوی تک چاء کی ٹکیاں بنانے کی بجائے سوکھے پتوں کے طور پر اس کا استعمال شروع ہو گیا ۔ دسویں یا گیارہویں صدی میں چاء پیالہ میں ڈال کر اس پر گرم پانی ڈالنے کا طریقہ رائج ہو گیا ۔ جب تیرہویں صدی میں منگولوں یعنی چنگیز خان اور اس کے پوتے کبلائی خان نے چین پر قبضہ کیا تو انہوں نے چاء میں دودھ ملا کر پینا شروع کیا ۔ عجیب بات یہ ہے کہ مارکوپولو نے اپنی چین کے متعلق تحریر میں چاء یا چائے کا کوئی ذکر نہیں کیا ۔ کیا مارکو پولو واقعی چین گیا تھا ؟
۔ جسے آج ہم بھی مغربی دنیا کی پیروی کرتے ہوئے ٹی کہنے لگے ہیں اس کا قدیم نام چاء ہمیں 350 عیسوی کی چینی لغات یعنی ڈکشنری میں ملتا ہے ۔ شروع میں یورپ میں بھی اسے چاء (Chaw)ہی کہا جاتا تھا ۔ چھٹی یا ساتویں صدی میں بدھ چین سے چاء کوریا میں لے کر آئے ۔ کوریا میں کسی طرح ۔ سی ایچ ۔ کی جگہ ۔ ٹی ۔ لکھا گیا ۔ ہو سکتا ہے اس زمانہ کی کورین زبان میں ۔ چ ۔ کی آواز والا حرف ۔ ٹی ۔ کی طرح لکھا جاتا ہو ۔ دوسری تبدیلی یہ ہوئی کہ چاء کو Tay لکھا گیا ۔ اسطرح یورپ میں چاء ۔ ٹی اور ٹے ۔ بن گئی ۔ جرمنی میں اب بھی چاء کو ٹے کہتے ہیں ۔ باقی انشا اللہ آئیندہ

Thursday, December 15, 2005

دنیا اور آخرت ۔ دونوں ہی جنّت

اگر ہم اپنے چھوٹے چھوٹے دکھ بھلا دیں اور اپنی چھوٹی چھوٹی خوشیاں یاد رکھیں اگر ہم اپنے چھوٹے چھوٹے نقصان بھلا دیں اور جو فائدے پائے ان سب کو یاد رکھیں اگر ہم لوگوں میں عیب ڈھونڈنا چھوڑ دیں اور ان میں خوبیاں تلاش کر کے یاد رکھیں کتنی آرام دہ ۔ خوش کن اور اطمینان بخش یہ دنیا بن جائے اس معمولی کوشش سے اور اللہ کی مہربانی سے آخرت میں بھی جنّت مل جاۓ

Tuesday, December 13, 2005

اللہ اکبر ۔ سبحان اللہ ۔ جسے اللہ رکھے ۔

آج کی ترقی یافتہ سائنس یہ ماننے کے لئے تیار نہیں ہو گی کہ ملبے کے نیچے دبا کوئی انسان 15 دن سے زیادہ زندہ رہ سکتا ہے ۔ لیکن جب اللہ تعالی کی قدرت سے 63 دن بعد ایک انسان ملبے کے نیچے سے زندہ نکلتا ہے تو انسان کے بناۓ ہوۓ سائنس کے سارے اصول دھرے کے دھرے رہ جاتے ہیں اور انسان کہہ اٹھتا ہے "اور تم اللہ کی کون کونسی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے ؟" مظفرآْباد سے 5 میل کے فاصلہ پر کمسر میں مقبوضہ کشمیر سے آۓ ہوۓ مہاجرین کا کیمپ ہے ۔ یہ مہاجرین 8 اکتوبر کے زلزلہ سے گرے ہوۓ مکانوں کا ملبہ ہٹا رہے تھے کہ 10 دسمبر کو ملبے کے نیچے دبی ہوئی ایک 45 سالہ خاتون زندہ ملی ۔ اس خاتون کے والدین اور دو بھائی اسی زلزلہ میں ہلاک ہو چکے ہیں ۔ دو دن یہ خاتون مقامی لوگوں کے پاس رہی ۔ 12 دسمبر کو جرمن ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ٹیکے لگانے کے لئے وہاں پہنچی تو لوگوں نے بتایا کہ یہ خاتون ملبے کے نیچے سے نکلی ہے اور کچھ کھا پی نہیں رہی ہے ۔ جرمن ڈاکٹروں نے پاکستان اسلامِک میڈیکل ایسوسی ایشن کے ساتھ رابطہ کیا ۔ اس تنظیم کے ڈاکٹر وہاں گئے اور اس خاتون کو لیکر مظفرآباد آئے۔ اس خاتون کا وزن صرف 25 کلوگرام رہ گیا ہوا ہے ۔ مظفرآباد میں ڈاکٹر اس خاتون کا طبی معائنہ کررہے ہیں ۔ اس کی حالت کا صحیح پتہ چلنے کے بعد اسے مناسب طبّی اور دیگر امداد فراہم کی جائے گی تصویر بشکریہ نواۓ وقت

چائے اور انگریز کی مکّاری

پہلی قسط ۔ ہند و پاکستان کونسی چائے پی جاتی تھیں
دوسری قسط
چائے کیسے اور کب بنی اس کے متعلق کچھ کہنے سے پہلے میں یہ گوش گزار کرنا چاہتا ہوں کہ تہذیب و تمدن میں یورپ اور امریکہ سے بہت پہلے ایشیا اور افریقہ بہت ترقّی کر چکے تھے ۔ اٹھارویں اور انیسویں صدی میں دولت کے نشہ میں اپنی لاپرواہیوں عیاشیوں اور اہل مغرب بالخصوص انگریزوں کی عیاریوں کے باعث ایشیا اور افریقہ کے لوگ رو بتنزّل ہو کر پیچھے رہتے چلے گئے ۔ ہندوستان میں ایسٹ انڈیا کمپنی کے کردار سے تو سب واقف ہی ہوں گے ۔ چین کے بارے بھی سنیئے ۔ انگریزوں کو پہلی بار سبز چائے کا علم ستارھویں صدی کے شروع میں اس وقت ہوا جب 1615 عیسوی میں ایک شخص رچرڈ وکہم نے چائے کا ایک ڈبّہ شہر مکاؤ سے منگوایا ۔ اس کے بعد لگ بھگ تین صدیوں تک یورپ کے لوگ چائے پیتے رہے لیکن انہیں معلوم نہ تھا کہ چائے ہے کیا چیز ۔ اٹھارہویں صدی میں سبز چائے نے انگریزوں کے بنیادی مشروب ایل یا آلے کی جگہ لے لی ۔ انیسویں صدی کے شروع تک سالانہ 15000 میٹرک ٹن چائے چین سے انگلستان درآمد ہونا شروع ہو چکی تھی ۔ انگریز حکمرانوں کو خیال آیا کہ چین تو ہم سے بہت کم چیزیں خریدتا ہے جس کی وجہ سے ہمیں نقصان ہو رہا ہے ۔ انہوں نے افیون دریافت کی اور چینیوں کو افیون کی عادت ڈالی جو کہ چائے کے مقابلہ میں بہت مہنگی بھی تھی ۔ پوست کی کاشت چونکہ ہندوستان میں ہوتی تھی اس لئے ہندوستان ہی میں افیون کی تیاری شروع کی گئی ۔ یہ سازش کامیاب ہو گئی ۔ اس طرح انگریزوں نے اپنے نقصان کو فائدہ میں بدل دیا ۔ انگریزوں کی اس چال کے باعث چینی قوم افیمچی بن گئی اور تباہی کے قریب پہنچ گئی ۔ پھر چینیوں میں سے ایک آدمی اٹھا اور ہردل عزیز لیڈر بن گیا ۔ وہ موزے تنگ تھا جس نے قوم کو ٹھیک کیا اور افیمچیوں کو راہ راست پر لایا جو ٹھیک نہ ہوئے انہیں جیلوں میں بند کر دیا جہاں وہ افیون نہ ملنے کے باعث تڑپ تڑپ کر مر گئے ۔ جس کے نتیجہ میں آج پھر چین سب سے آگے نکلنے کو ہے ۔ یہ موذی افیون ہندوستانیوں کو بھی لگ گئی مگر ہندوستان بشمول پاکستان میں ابھی تک کوئی موزے تنگ پیدا نہیں ہوا ۔ میں نے ایک گذشتہ تحریر میں سائنس کی ایجادوں میں افیون کا ذکر کیا تھا سو یہ ہے حقیقت ۔ بیسویں صدی کے شروع میں انگریزوں کو فلپین لوگوں کے ذریعہ پتا چلا کہ چائے کی طرح کا پودا مشرقی ہندوستان کے علاقہ آسام میں پایا جاتا ہے چنانجہ اس کی باقاعدہ کاشت ہندوستان میں شروع کر کے کالی چائے تیار گئی جس کی پیداوار اب 200000 مٹرک ٹن سے تجاوز کر چکی ہے ۔ باقی انشا اللہ آئیندہ

Sunday, December 11, 2005

رو کر ہنسایا ۔ مسکرا کر رولائیں

جب آپ پیدا ہوۓ تو آپ رو رہے تھے اور باقی سب لوگ خوش ہو رہے تھے * اپنی زندگی ایسے گذارئیے کہ جب موت آۓ آپ مسکرا رہے ہوں اور باقی سب رو رہے ہوں

Friday, December 09, 2005

ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ۔ ۔ ۔

آجکل ہمارا حال یہ ہے ۔ ۔ ۔ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے بہت نکلے میرے ارمان مگر پھر بھی کم نکلے سال کے شروع میں ایک بلاگر نے خواہش ظاہر کی "چونکہ مجھے مرزا غالب کی شاعری اور چائے پسند ہے اس لئے مرزا غالب بھی چائے پیتے ہونگے" ۔ میں نے لکھا تھا کہ چاۓ کی تاریخ تحریر کروں گا ۔ میں نے اپنے علمی خزانے سے معلومطات اکٹھی کرنا شروع کر دیں تھیں کہ اچانک دین اور دنیا۔ پھر دین اور سائینس ۔ اس کے بعد تحریک آزادی جموں کشمیر کے متعلق سوال اٹھاۓ گئے اور میں حقائق واضح کرنے کی اپنی سی کوشش کرتا رہا ۔ اس کے بعد وہ ہوا جس نے نہ صرف زمین بلکہ جانداروں کو بھی جھنجوڑ کر رکھ دیا اور مجھے سب کچھ بھول گیا سواۓ متاءثرین زلزلہ کے ۔ اب میں اپنا قول پورا کرنے کی ابتداء کرتا ہوں ۔ اللہ سبحانہ و تعالی میری مدد فرماۓ ۔ مرزا اسد اللہ خان غالب 1796 میں پیدا ہوئے اور 1869 میں وفات پائی۔ اس زمانہ میں یہ کالی یا انگریزی چائے جو آجکل عام پی جاتی ہے ہندوستان میں وارد نہیں ہوئی تھی ۔ کالی چائے یا انگریزی چائے بیسویں صدی کے شروع میں ہندوستان میں متعارف کرائی گئی۔ بنیادی وجہ یہ تھی کہ ہندوستانی فوجیوں کو پہلی جنگ عظیم کے دوران سستی خوراک دی جائے۔ ایک برطانوی کمپنی نے ہندوستانی فوج کی خوراک کا خرچہ کم کرنے کے لئے بالخصوص تحقیق کر کے یہ کالی چائے دریافت کی ۔ یہ چائے بھوک کو مارتی ہے اس لئے اس کا انتخاب کیا گیا۔ ہندوستانی فوجیوں کو چائے ۔ بھنے ہوئے چنے اور کرخت بسکٹ بطور ناشتہ اور دوپہر اور رات کا کھانا دیا جاتا تھا۔ کالی چائے سے پہلے ہندوستان بلکہ ایشیا میں چار قسم کی چائے رائج تھیں اور نمعلوم کب سے زیر استعمال تھیں ۔ ایک ۔ جس کو آج ہم قہوہ یا سبز چائے کہتے ہیں ۔ لیمن گراس نہیں ۔ دو ۔ قہوہ ہلکے براؤن رنگ کا لیکن کالی پتی کا نہیں ۔ تین ۔ قہوہ گہرے براؤن رنگ کا جو کڑوا ہوتا ہے اور پاکستان کے شمالی علاقوں اور عرب ممالک میں اب بھی پیا جاتا ہے چار ۔ نمکین چائے جسے کشمیری چائے بھی کہتے ہیں ۔جو آج کل بڑے ہوٹلوں میں بغیر نمک کے پلائی جا رہی ہے ۔ ہم نےگوری چمڑی کی تقلید میں چائے کی فائدہ مند قسمیں چھوڑ کر مضر کالی چائے اپنا لی ۔ دوسری علّت جو انگریز ہمیں دے گئے وہ سگریٹ ہے ۔ چائے تیار کر کے اور سگریٹ سلگا کر شرو‏ع میں ہندوستان کے لوگوں کو چوک میں کھڑے ہو کر مفت پلائے گئے اور گھروں کے لئے بھی مفت دیئے گئے ۔ جب لوگ عادی ہو گئے تو معمولی قیمت لگا دی گئی۔ پھر آہستہ آہستہ قیمت بڑھتی چلی گئی۔ آج ہماری قوم ان فضول اور نقصان دہ چیزوں پر اربوں روپیہ ضائع کرتی ہے ۔

Wednesday, December 07, 2005

محبت کا صلہ

جب کسی سے آپ بے پناہ محبت کریں ضروری نہیں کہ وہ آپ سے محبت کرنے لگے محبت کے بدلے میں محبت کی امید نہ رکھیئے اس کے دل میں محبت جاگنے کا انتظار کیجئے اس کے دل میں نہ بھی جاگے تو کم از کم آپ کے دل میں تو پیدا ہوئی اور یہی آپ کی محبت کا صلہ ہے

Monday, December 05, 2005

جب اللہ چاہے

یہ واقعہ ایک رسالے میں کچھ سال قبل پڑھا تھا ۔ بطور سچا واقعہ لکھا تھا پرانی بات ہے مگر اب بھی تازہ ہے ۔ رات کے ساڑھے گیارہ بجے تھے ۔ تیز طوفانی بارش تھی ایسے میں ایک شاہراہ کے کسی ویران حصّے میں ایک کار خراب ہوگئی ۔ اسے ایک ادھڑ عمر خاتون چلا رہی تھی جو اکیلی تھی ۔ وہ خاتون کار سے باہر نکل کر شاہراہ کے کنارے کھڑی ہوگئی تا کہ کسی گذرنے والی گاڑی سے مدد لے سکے ۔ اتفاق سے ایک البیلا جوان اپنی عمدہ نئی کار چلاتے جا رہا تھا کہ اس کی نظر اس بھیگی ہوئی خاتون پر پڑی ۔ نجانے وہ کیوں اپنی عادت کے خلاف رک گیا اور تیز بارش اور گاڑی گندی ہونے کی پروا کئے بغیر باہر نکل کر خاتون کا بیگ اٹھایا اور خاتون کو اپنی کار میں بٹھا کر چل پڑا ۔ آبادی میں پہنچ کر اسے ٹیکسی پر بٹھا کر رخصت کیا ۔ خاتون بہت پریشان اور جلدی میں تھی ۔ اس جوان کا پتہ نوٹ کیا اور شکریہ کہہ کر رخصت ہوئی ۔ ہفتہ عشرہ بعد اس جوان کے گھر کی گھنٹی بجی ۔ باہر نکلا تو ایک کوریئر کا ٹرک کھڑا تھا اس میں سے ایک شخص نکلا اور کہا "جناب آپ کا ٹی وی "۔ جوان حیران ہو ہی رہا تھا کہ کوریئر والے نے اسے ایک خط دیا ۔ جلدی سے کھولا ۔ لکھا تھا " میں آپ کی بہت مشکور ہوں ۔ آپ نے آدھی رات کے وقت شاہراہ پر میری مدد کی جس کے باعث میں اپنے قریب المرگ خاوند کے پاس اس کی زندگی میں پہنچ گئی اور اس کی آخری باتیں سن لیں ۔ میں آپ کی ہمیشہ مشکور رہوں گی ۔ اللہ آپ کو ہمیشہ خوش رکھے اور آپ دوسروں کی بے لوث خدمت کرتے رہیں ۔ آمین ۔ آپ کی ممنون ۔ بیگم ۔ ۔ ۔ "

Saturday, December 03, 2005

حقیقی حسن

ظاہری حسن پہ نہ جائیے ۔ دھوکا ہو سکتا ہے دولت پہ نہ جائیے ۔ ختم ہو جاتی ہے پہچانئے اسے جو آپ کو مسکراہٹ دے مسکراہٹ تاریک دن کو بھی روشن بنا دیتی ہے تلاش کیجئے اسے جو آپ کے دل کو مسکراہٹ دے

Thursday, December 01, 2005

اردو قلمکاروں کی توجوہ کے لئے

اردودان صاحب نے تجویز دی ۔ اس کے بعد ریحان مرزا صاحب نے اس کا اعادہ کرتے ہوۓ کچھ مفید سفارشات پیش کیں اور اس کے بعد عتیق الرحمان صاحب جو کچھ لکھنے کو ڈھونڈ رہے تھے ان کو لکھنے کو کچھ مل ہی گیا ۔ جناب ایسی بات نہیں ہے کہ کچھ مل نہیں رہا تھا ۔ یہ ایک عمدہ طرز بیان ہے ۔ دراصل عتیق الرحمان صاحب کسی اہم کام میں مشغول تھے اور ایسی ویسی بات لکھا پسند نہیں کرتے ۔ اردو زبان کی تصحیح ایک اہم بات ہے سو انہوں نے اس پر مفید مشورہ دیا ہے ۔ عتیق الرحمان صاحب نے ٹھیک فرمایا کہ غلطیاں دو قسم کی ہوتی ہیں ۔ (1) کلیدی تختہ (Key Board) پر انگلی ٹھیک جگہ نہ پڑنے سے (2) اردو سے ناواقفیت کی بنا پر میرے خیال میں تیسری وجہ یہ ہے کہ ہم کچھ لاپرواہی سے کام لیتے ہیں ۔ میں خود بھی اس کا مجرم ہوں ۔ بعض اوقات آمد ہو جاتی ہے لکھتا چلا جاتا ہوں اور بغیر دوہراۓ شائع کر دیتا ہوں بعد میں پڑھ کے خود ہی شرمندہ ہوتا ہوں ۔ متذکرہ بالا تینوں حضرات کی تجاویز کا خلاصہ میں تھوڑی سی آمیزش کے بعد اس طرح کرتا ہوں (1) تین یا چار اردو نویسوں کی ایک مجلس بنائی جاۓ ۔ (بہترہو گا کہ اردو فورم کے ناظمین کو ہی یہ مجلس سمجھ لیا جاۓ اگر ان حضرات کو کوئی ٹھوس عذر نہ ہو تو) (2) اردو فورم پر "اردو زبان کا استعمال" یا کسی اور مناسب موضوع کا اضافہ کیا جاۓ (3) سب اردو کھاتہ دار (Urdu Bloggers) اپنی تجاویز بنسبت تصحیح اردو زبان اردو فورم پر مندرجہ بالا موضوع کے تحت لکھیں یا بھیجیں (4) اردو فورم کے منتظمین ان تجاویز کی پڑتال کرنے کے بعد انہیں اردو فورم اور اردو سیّارہ دونوں پرشائع کریں (5) اگر اردو فورم کے منتظمین چاہیں تو کسی کو اس سلسلہ میں مدد کے لئے کل وقتی یا جزو وقتی طور پر نامزد کر لیں (6) بالفرض اگر اس مجلس کی شائع کردہ تصحیح میں کوئی غلطی ہو تو بھی اس کی اطلاع مندرجہ بالا مد (3) کے مطابق کی جاۓ (7) جس نے اردو میں غلطی کی ہو اس کا نام کہیں بھی ظاہر نہ کیا جاۓ کیونکہ مقصد زبان کی تصحیح ہے ناکہ کسی شخص کی